ہنر مندوں کو فنی مہارت پر سند دینے کا اعلان

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 اکتوبر 2019
 درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے،کم از کم تجربے کی مدت 3سال ہے، سند لینے کے بعد بیرون ملک ملازمت میں آسانی ہوگی ،سربراہ کیریئر حب ثمینہ تاج
 فوٹو: فائل

 درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے،کم از کم تجربے کی مدت 3سال ہے، سند لینے کے بعد بیرون ملک ملازمت میں آسانی ہوگی ،سربراہ کیریئر حب ثمینہ تاج فوٹو: فائل

کراچی: ادارہ کیریئر حب کنسلٹنسی ٹریننگ اینڈ انٹرپنیورشپ نے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کے تعاون سے سندھ بھر میں فنی مہارت کے حامل افراد کے لیے سرٹیفکیٹس کے اجرا کا اعلان کردیا ہے۔

کیریئر حب کی سربراہ ثمینہ تاج کے مطابق فنی مہارت کے سرٹیفکیٹس آر پی ایل پروگرام کا حصہ ہیں جس کا مقصد ایسے فنی مہارت کے حامل افراد جو کوئی تعلیمی سند نہیں رکھتے، انھیں ان کی صلاحیتوں کی جانچ پر سند کا اجرا کریں گے، خواہش مند افراد کے لیے فارم کا اجرا شروع کردیا گیا ہے جس کی آخری تاریخ 20 نومبر ہے۔

ثمینہ تاج نے بتایا کہ درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے اور درخواست گزار کے پاس قومی شناختی کارڈ موجود ہوجبکہ کم از کم تجربے کی مدت 3سال ہونی چاہیے، اس پروگرام کے ذریعے بیرون ملک پاکستانی فنی مہارت کے حامل افراد کو روزگار کے مواقع مہیا ہونے میں مدد ملے گی جو انھیں کوئی سند نہ ہونے کی وجہ سے میسر نہیں آتے۔

واضح رہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں سیکڑوں افراد موٹر سائیکل اور کار مرمت، اے سی، فریج اور دیگر دکانوں پر چھوٹی عمر سے کام شروع کردیتے ہیں، کئی سالوں کے تجربے کے بعدبغیر سندھ کے بعد وہ اپنے کام کے ماہر ہوجاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔