’’ہم میں اب بھی دم خم ہے‘‘ شعیب وحفیظ نے ثابت کردیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 22 اکتوبر 2019
ٹی20کپ میں اسپنرکی4وکٹیں، سینئربیٹسمین کے38رنز،سدرن کامیاب

ٹی20کپ میں اسپنرکی4وکٹیں، سینئربیٹسمین کے38رنز،سدرن کامیاب

 لاہور: ’’ہم میں اب بھی دم خم ہے‘‘ شعیب ملک اورمحمد حفیظ نے ثابت کردیا قومی ٹوئنٹی 20 کپ میں اسٹارز سے سجی ٹیم سدرن پنجاب  نے سندھ کو 34 رنز سے شکست دے دی۔

شعیب نے 38رنز بنائے، حفیظ نے 4 وکٹیں لیں،اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود  نے ٹاس جیت کربیٹنگ  کا فیصلہ کیا، محض 4 رنز پر3 وکٹیں گرنے کے بعد وہاب ریاض اور شعیب ملک نے ذمہ داری نبھائی، ان کے درمیان 73رنز کی شراکت بنی، وہاب30 بالز پر41 رنز بناکر نمایاں رہے۔

شعیب ملک نے 38 رنز بناکر پویلین کی راہ لی، اختتامی اوورز میں عامر یامین نے27 اور بلاول بھٹی نے 24 قیمتی رنزجوڑے، ٹیم نے 9 وکٹ پر148 رنز بنائے، 4 پلیئرز صفر کی خفت سے دوچار ہوئے، سہیل خان4 ، انور علی3 اور کاشف بھٹی2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

سندھ کی ٹیم جوابی اننگز میں 17.4 اوورز میں 114رنز پر ہمت ہارگئی، سرفراز احمدنے 37 گیندوں پر 45رنز اسکور کیے، کپتان اسدشفیق 25 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، محمدحفیظ اور زاہد محمود نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، منگل کو سینٹرل پنجاب کا سامنا خیبرپختونخوا سے ہوگا،ناردرن کی ٹیم بلوچستان سے میچ کھیلے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔