حکومت مارچ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کرائے، رہبرکمیٹی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 22 اکتوبر 2019
حکومتی بیانات سے لگتا ہے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں،اکرم درانی،ایاز صادق  و دیگر کی شرکت

حکومتی بیانات سے لگتا ہے مذاکرات میں سنجیدہ نہیں،اکرم درانی،ایاز صادق و دیگر کی شرکت

 اسلام آباد:  اپوزیشن نے آزادی مارچ پر کوئی بھی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کردیا رہبر کمیٹی کا اجلاس کنوینر کمیٹی اکرم خان درانی کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں ن لیگ سے سردار ایاز صادق اور احسن اقبال، پیپلز پارٹی سے نیئر حسین بخاری اور فرحت اللہ بابر، اے این پی کے میاں افتخارحسین، جمیعت علمائے پاکستان کے شاہ اویس نورانی، نیشنل پارٹی کے میر طارق بزنجو اور پی کے میپ سے عبدالصمد اچکزئی سمیت 9 اپوزیشن جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم درانی نے حکومت سے مشروط مذاکرات پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ رہبر کمیٹی کے کنوینر اکرم درانی کہتے ہیں اگر حکومت رابطہ کرنا چاہتی ہے تو پہلے مارچ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کرائے۔

حکومت کے بیانات اور اقدامات سے لگتا ہے وہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں۔ انتظامیہ کو تنبیہہ کرتے ہیں کہ رکاوٹیں نہ کھڑی کریں۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا مارچ پرامن ہو گا۔ کنوینر رہبر کمیٹی نے کہا اے پی سی نے جو مطالبات کیے رکھے تھے وہی ہمارے مطالبات ہیں حکومت چاہے تو رہبر کمیٹی سے رابطہ کرے۔ اگر رہبر کمیٹی کا ایک بھی رکن نہ ہوا تو مذاکرات نہیں ہونگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔