ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت کی حمایت کی یقین دہانی کرادی

نمائندہ ایکسپریس  منگل 22 اکتوبر 2019
حکومت معاشی استحکام کے لیے سخت فیصلے لے رہی ہے،عزم اورلگن قابل تعریف،کرسٹا لینا جارجیوا،ایکسل وان ٹراٹسن برگ
 (فوٹو: فائل)

حکومت معاشی استحکام کے لیے سخت فیصلے لے رہی ہے،عزم اورلگن قابل تعریف،کرسٹا لینا جارجیوا،ایکسل وان ٹراٹسن برگ (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد:  عالمی بینک اور آئی ایم ایف سربراہان نے پاکستانی معیشت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان کے عزم اور لگن کو سراہا ہے۔

اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے سربراہان نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پرمشیرخزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کی ہیں۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم کے مشیر خزانہ و محصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اوران کے ہمراہ پاکستانی وفد نے واشنگٹن کے دورے کے دوران عالمی بینک اورانٹرنیشنل مانیٹری فنڈکے سربراہان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اورانھیں پاکستانی معیشت میں استحکام اورادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کی کوششوں اور بالخصوص موجودہ مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں معاشی اشاریوں میں ہونیوالی نمایاں بہتری سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ اوران کے ہمراہ پاکستانی وفد نے پہلی ملاقات میں عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹرایکسل وان ٹراٹسن برگ اوردیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کی جس کے دوران مشیرخزانہ نے نئے ایم ڈی کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ امداد پر ان کا شکریہ اداکیا۔

عالمی بینک کے منیجنگ ڈائریکٹر ایکسل وان ٹراٹسن برگ نے مشیر خزانہ کو بتایا کہ پاکستان عالمی بینک کے بڑے شراکت داروں میں سے ایک ہونے کے علاوہ انٹر نیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن ورلڈ بنک کی جانب سے فراہم کردہ امداد سے بھی بڑے پیمانے پر استفادہ کر رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔