جاپان، پاکستان اور بھارت میں کشمیر پر ثالثی کرے، صدرعلوی

ثاقب ورک  منگل 22 اکتوبر 2019
مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کرنے کیلیے جاپانی کمپنیوں کا تعاون درکار ہے، انٹرویو
 فوٹو: فائل

مصنوعی ذہانت کے ماہرین تیار کرنے کیلیے جاپانی کمپنیوں کا تعاون درکار ہے، انٹرویو فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے سامنے ہیں دونوں ممالک کے درمیان ایٹمی جنگ کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

اپنے دورہ جاپان کے دوران ایک خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی جنگ نہیں امن چاہتا اور مذاکرات کا خواہاں ہے۔ جاپان پاکستان اور بھارت کا دوست ہونے کے ناطے مسئلہ کشمیر میں دلچسپی لے کر ثالث کا کردار ادا کرے۔ صدرنے کہا جاپان کی ثقافت اور تاریخ سے اپنائیت محسوس ہوتی ہے، میرے والد نے جاپانی طلباء کو وظائف کی آفر کی تھی۔

صدر کا کہنا تھا کہ جب بھی جاپان آتا ہوں یا پاکستان میں جاپانی لوگوں سے ملتا ہوں تو بہت پیار محسوس کرتا ہوں، تاجپوشی کی تقریب میں شامل ہونا میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا پاکستان کی کل آبادی کا نصف سے زیادہ 30 سال سے کم عمر ہے، ہم مصنوعی انٹیلی جنس کے ماہرین تیار کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، مصنوعی انٹیلی جنس کے سلسلے میں جاپانی کمپنیوں سے تعاون درکار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔