کینیڈا کے عام انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی جماعت سبقت لے گئی

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2019
لبرل پارٹی نے 338 نشستوں میں 156 پر فتح حاصل کی جب کہ مخالف جماعت نے 121 نشستیں حاصل کیں۔ فوٹو : اے ایف پی

لبرل پارٹی نے 338 نشستوں میں 156 پر فتح حاصل کی جب کہ مخالف جماعت نے 121 نشستیں حاصل کیں۔ فوٹو : اے ایف پی

اوٹاوا: کینیڈا کے عام انتخابات میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جماعت لبرل پارٹی 338 میں سے 156 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے تاہم اس کے لیے انہیں دوسری چھوٹی جماعتوں پر انحصار کرنا ہوگا۔

کینیڈا میں جنرل الیکشن میں دو بڑی جماعتوں لبرل پارٹی اور کنزرویٹو کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ انتخابی نتائج کے مطابق جسٹن ٹروڈو کی جماعت نے 338 میں سے 156 نشستیں جیت لیں جبکہ ان کی حریف کنزرویٹیو پارٹی 121 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے اس طرح جسٹن ٹروڈو کو اپنے حریف پر صرف 35 نشستوں سے سبقت حاصل ہے۔

دیگر جماعتوں جیسے بلوک کیوبیکوئس کو 32، نیو ڈیموکریٹس کو 24، گرین پارٹی کو 3 نشستیں اور ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے، یہ کُل 60 نشستیں بنتی ہیں اور حکومت کی تشکیل میں انہی جماعتوں کا اہم کردار ہوگا۔ حکومت بنانے کیلیے 338 کے ایوان میں 170 نشستیں درکار ہیں اس طرح جسٹن ٹروڈو کو 14 اور کنزرویٹیو کو 49 نشستوں کی ضرورت ہوگی۔

ادھر دوسری بار وزیراعظم بننے کے لیے پُر اعتماد جسٹن ٹروڈو نے انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے پر ووٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کےعوام نے ایک بار پھر ترقی پسند ایجنڈے کے حق میں ووٹ دیکر ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک میں ترقی کے خواہاں ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جسٹن ٹروڈو کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ زبردست اور سخت مقابلے کے بعد کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ نے کینیڈا کی خدمت کی ہے اور میں امریکا و کینیڈا کی ترقی کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔