وزیراعظم کے استعفیٰ سے ملک کے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں،بلاول بھٹوزرداری

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2019
ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، چیرمین پی پی پی فوٹو:فائل

ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، چیرمین پی پی پی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہیں جن کے استعفیٰ سے سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ یہ حکومت آصف زرداری کو طبی سہولیات سے دور رکھ کر پی پی پی پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے، افسوس ہے کہ آصف زرداری کے علاج کے حوالے سے ڈاکٹروں کی بات بھی نہیں مانی جا رہی۔

چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خود کہا تھا کہ ہم اپوزیشن کو احتجاج کے لیے کنٹینر اور کھانا دیں گے، انہیں اپنی بات پر قائم رہنا چاہیے، عمران خان صاحب کو سمجھنا چاہیے کہ احتجاج جمہوری حق ہے، افسوس کی بات ہے کہ حکومت خود اسلام آباد بند کررہی ہے، جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ آپ مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے عدلیہ اور نیب پر دباؤ میں ڈالیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ کریں گے اور اسے گھر بھیجیں گے، جمہوریت کی بحالی، معیشت کی درستی اور میڈیاکی آزادی کی راہ میں عمران خان رکاوٹ ہیں، پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ وہ خود ہیں اس لیے استعفی دے کرعوام کی جان چھوڑیں، ان سے استعفیٰ لےکر سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔