کراچی پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک، مقابلے کی ویڈیو وائرل

ساجد رؤف  منگل 22 اکتوبر 2019

کراچی: گلبہار پیتل گلی کے قریب ہونے والے پولیس مقابلے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز نے کراچی گلبہار پیتل گلی کے قریب پولیس مقابلے کی ویڈیو حاصل کرلی ہے، پولیس مقابلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی جب کہ 2 ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو مورچہ بند ہو کر فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہی ہے، ویڈیو میں پولیس اہلکارخالد افضل کو گولی لگتے بھی دیکھا جاسکتا ہے اور گولی لگنے کے بعد وہ زور زور سے چلا رہا ہے جب کہ ساتھی پولیس اہلکار اس کی مدد کررہا ہے۔

ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک دوسرا پولیس اہلکار زخمی ساتھی کی مدد  کررہا ہے اور ڈاکوؤں سے مقابلہ بھی کر رہا ہے اسی دوران مزید نفری بھی پہنچ جاتی ہے، جب کہ ساتھی اہلکار زخمی اہلکار کے زخم پر کپڑا بھی باندھ رہا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک جب کہ ایک ڈاکو زخمی ہو گیا تھا اور تینوں سگے بھائی ہیں، جب کہ ویڈہو مکان کی چھت پر موجود کسی شہری نے بنائی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔