آصف زرداری پمز کے شعبہ امراض قلب منتقل

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2019
ڈاکٹروں کے مشورے پر آصف زرداری کو شعبہ امراض قلب میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان پمز فوٹو: فائل

ڈاکٹروں کے مشورے پر آصف زرداری کو شعبہ امراض قلب میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ترجمان پمز فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پمز اسپتال کی انتظامیہ نے شعبہ امراض قلب کے پرائیویٹ وارڈ کو سب جیل کا درجہ دینے کی درخواست کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث دوپہر ایک بجے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کے بلڈ پریشر، شوگر سمیت کمر کی تکلیف کا چیک اپ کیا گیا اور کارڈیک ٹیسٹ بھی کیے گئے، ترجمان پمز ڈاکٹر وسیم خواجہ کے مطابق ڈاکٹروں کے مشورے پر آصف زرداری کو شعبہ امراض قلب میں داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پمز اسپتال کی انتظامیہ نے امراض قلب وارڈ کو سب جیل قرار دینے کے لیے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ کو خط لکھ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیب کے زیر ٹرائل آصف زرداری کو ڈاکٹروں کے مشورے پر اسپتال میں رکھا گیا ہے، لہذا مختص وارڈ کو سب جیل قرار دیا جائے۔

خط کی کاپی چیف کمشنر اسلام آباد، آئی جی پولیس اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر آئی سی ٹی، ڈی جی نیب اور وفاقی سیکریٹری صحت کے پی ایس کو بھی ارسال کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔