’’شادی سادگی سے لیکن ہنی مون پیرس میں‘‘، شرمیلا فاروقی کی حمزہ اور نیمل پر تنقید

ویب ڈیسک  بدھ 23 اکتوبر 2019
سوشل میڈیا صارفین کا شرمیلا فاروقی کی پوسٹ پر ناگواری کا اظہار . فوٹو : فائل

سوشل میڈیا صارفین کا شرمیلا فاروقی کی پوسٹ پر ناگواری کا اظہار . فوٹو : فائل

سابق رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی نے حمزہ علی عباسی اور نیمل کے پیرس میں ہنی مون پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’شادی سادگی سے لیکن ہنی مون پیرس میں‘‘ منایا۔

ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی اور اداکارہ نیمل خاور 25 اگست کو رشتہ ازواج میں منسلک ہوئے اور نکاح کی تقریب انتہائی سادگی سے رکھی جب کہ ان کے اس اقدام کو سوشل میڈیا پر خوب سراہا گیا۔

چند روز قبل اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور ہنی مون کے لیے پیرس پہنچے جس کی نیمل خاور نے تصاویر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیں تاہم ان کا ہنی مون کے لئے پیرس کا انتخاب سابق رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کو ذرا نہیں بھایا۔

شرمیلا فاروقی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر اداکارہ حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’شادی سادگی سے لیکن ہنی مون پیرس میں‘‘۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے ان کی پوسٹ پر ناگواری کا اظہارکیا ہے۔ ایک خاتون نادیا خان نے کہا کہ شرمیلا فاروقی کے ساتھ مسئلہ کیا ہے؟ حمزہ علی عباسی جو چاہیں وہ کرسکتے ہیں۔

ایک صارف نے شرمیلا کے اس اقدام پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ اللہ حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور کو بُری نظر سے بچائے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ آپ کیوں حسد کر رہی ہیں ان کی مرضی انکا پیسہ ہے جیسے چاہیں خرچ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔