این ای ڈی یونیورسٹی، کراچی دیہی کے نام سے داخلہ کوٹے کا انکشاف

صفدر رضوی  پير 14 اکتوبر 2013
کوٹے کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی میرٹ بھی علیحدہ ہوگی،این ای ڈی یونیورسٹی کے علاوہ سندھ کی کوئی جامعہ انٹری ٹیسٹ میں چھوٹ نہیں دیتی۔ فوٹو: فائل

کوٹے کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی میرٹ بھی علیحدہ ہوگی،این ای ڈی یونیورسٹی کے علاوہ سندھ کی کوئی جامعہ انٹری ٹیسٹ میں چھوٹ نہیں دیتی۔ فوٹو: فائل

کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی  آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی داخلہ پالیسی میں امیدواروں کے ساتھ جانبداری اورعدم مساوات سامنے آئی ہے۔

این ای ڈی یونیورسٹی انتظامیہ کے تحت اسپورٹس کوٹے کے علاوہ کراچی کے گڈاپ ٹائون سے تعلق رکھنے والے طلباکوبھی مقررہ پاسنگ مارکس سے 10مارکس 40نمبروں پر ہی داخلہ ٹیسٹ میں کامیاب قراردیے جانے کاانکشاف ہوا ہے جبکہ یونیورسٹی نے اسپورٹس کوٹے کے ساتھ ہی محض گڈاپ ٹائون کا داخلوں میں علیحدہ کوٹہ مقررکردیا ہے جسے ’’کراچی دیہی‘‘کا نام دیا گیا ہے اس سے قبل یونیورسٹی کی جانب سے اساتذہ اور ملازمین کے بچوں کوبھی ٹیسٹ میں 10نمبروں کی چھوٹ دینے کا معاملہ سامنے آیا تھا، اس عمل سے داخلہ ٹیسٹ پاس کرنے والے1500کے قریب ذہین طلبا داخلوں سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ اس کے برعکس اسپورٹس کوٹے ،گڈاپ ٹائون کے کوٹے اورملازمین کے کوٹے پر محض 40 نمبرحاصل کرنے والے درجن سے زائد طلبا داخلہ حاصل کرلیں گے۔

جبکہ حیرت انگیز طورپر مذکورہ تینوں کوٹوں کا میرٹ علیحدہ تیارکیے جانے کے سبب انٹر کے امتحان میں 62 فیصد یا اس سے کچھ زیادہ مارکس لانے والے طلبہ این ای ڈی میں داخلہ لے لیں گے جبکہ 50 یا اس سے زیادہ مارکس لے کرٹیسٹ میں پاس ہونے والے طلبہ انٹرمیں65سے 75فیصد مارکس حاصل کرنے کے باوجود این ای ڈی یونیورسٹی میں داخلوں سے محروم رہیں گے، یونیورسٹی ذرائع کے مطابق اس بار اسپورٹس کوٹے، کراچی دیہی اورملازمین کے کوٹے پر درخواست دینے والے امیدوار انٹری ٹیسٹ میں صرف 40 مارکس لے سکے ہیں۔

جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان طلبا کوپاس قراردیاہے چونکہ یہ امیدوارکوٹے کی نشستوں پر درخواستیں دے کر ٹیسٹ میں کامیاب قراردیے گئے ہیں، لہٰذا انٹر میں 62فیصد یا اس کے قریب قریب مارکس لینے والے طلبا اس کوٹے پر داخلہ لے رہے ہیں اس کے برخلاف ایسے طلبا کی تعداد1500کے لگ بھگ ہے جو50 سے کہیں زیادہ مارکس لے کرٹیسٹ پاس کرچکے ہیں لیکن یونیورسٹی میں نشستیں کم ہونے سے انھیں داخلہ نہیں مل سکتا، کراچی سمیت سندھ کی دوسری کوئی جامعہ ایسی نہیں ہے جس میں کوٹے کے لیے درخواستیں دینے والے طلبا کوٹیسٹ کے نمبروں میں چھوٹ دی جاتی ہو صرف گڈاپ ٹائون کو ہی کراچی دیہی کا درجہ کیوں دیا گیا ہے جبکہ کراچی کے دیگر مضافاتی علاقوں کے علاوہ اندرون سندھ کے کئی اضلاع کا شمار دیہی علاقوں میں ہوتاہے جہاں طلبا کو مشکل اور کٹھن صورتحال کا سامنا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔