سندھی ثقافت پر مبنی فلم ’’تلاش‘‘ 15نومبر کو ریلیز ہوگی

شوبز رپورٹر  منگل 29 اکتوبر 2019
فلم کی کہانی میں سندھی عوام کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فوٹو: اسکرین گریب

فلم کی کہانی میں سندھی عوام کے بنیادی مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔ فوٹو: اسکرین گریب

 لاہور: سندھ کی خوبصورت ثقافت اور سماجی مسائل کا احاطہ کرتی رومانوی کامیڈی فلم ’’تلاش‘‘ 15نومبر کو سنیماؤں کی زینت بنے گی۔

ڈسٹری بیوشن کلب کی پیش کردہ فلم ’’تلاش‘‘ میں فاریہ حسن، احمد زیب، نعمان سمی، مصطفے قریشی اور سلیم معراج نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ پاکستانی فلمی صنعت کی ترویج کے عمل میں پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز دلچسپ موضوعات کی حامل فلمیں بنا کراپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

اسی سلسلے میں ڈسٹری بیوشن کلب نے ’’زی کے فلمز‘‘کے پلیٹ فارم سے بنائی گئی وادی سندھ کی دلفریب ثقافت اور عوامی مسائل پر مبنی رومانوی کامیڈی فلم ’’تلاش‘‘ کی نمائش کا اہتمام کیا ہے جو آئندہ ماہ پندرہ نومبر کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سنیماؤں میں نمائش کیلیے کی جائے گی۔

ڈائریکٹر ذیشان خان کی زیر ہدایت بنی فلم میں فریش آن اسکرین جوڑی کے ساتھ لالی وڈ کے سینئر فنکار مصطفے قریشی، عدنان شاہ ٹیپو،سلیم معراج، ممتاز کنول اور حمیرا بانو نمایاں ہیں۔

ان تمام فنکاروں نے ایک دلچسپ کہانی میں سندھی عوام کے بنیادی مسائل کی نشاندہی ہے جبکہ ساتھ ہی ساتھ شائقین کی تفریح کیلیے سندھ کے خوبصورت کلچر اور فوک میوزک اور رقص سمیت دیگر عناصر کو فلم میں خصوصی اہمیت کے ساتھ اجاگر کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔