ہیری پوٹر کے شائقین کےلیے الیکٹرک فرشی جھاڑو تیار

ویب ڈیسک  جمعرات 31 اکتوبر 2019
ٹویوٹا کمپنی نے ہیری پوٹر کے شائقین کے لیے ایک برقی جھاڑو بنائی ہے جو مداحوں کو ایک نیا احساس فراہم کرے گی (فوٹو: بشکریہ ٹویوٹا)

ٹویوٹا کمپنی نے ہیری پوٹر کے شائقین کے لیے ایک برقی جھاڑو بنائی ہے جو مداحوں کو ایک نیا احساس فراہم کرے گی (فوٹو: بشکریہ ٹویوٹا)

ٹوکیو: ہیری پوٹر کے ناولوں نے یورپ اور امریکا سمیت پوری دنیا میں اپنا جادو جگایا اور اس کے بعد فلموں میں اڑن جھاڑو نے دنیا بھر کے بچوں کو متاثر کیا۔ اب جاپانی کمپنی نے ایک ای بروم یعنی الیکٹرک جھاڑو بنائی ہے جو آپ کو لے کر پرواز تو نہیں کرسکتی لیکن فرش پر ضرور دوڑ سکتی ہے۔

ٹویوٹا کمپنی کی برقی جھاڑو آپ کو آگے لے کر اس وقت دوڑتی ہے جب اسے چلایا جائے اور اس کے لیے پہیئے والے جوتے پہننا لازمی ہے۔ اگرچہ یہ جادوئی قوت سے آپ کو ہوا میں نہیں اڑاسکتی لیکن فرش پر لے کر ضرور بھاگ سکتی ہے۔ اس میں لگی برقی موٹریں سوار کو لے کر آگے کی جانب دوڑتی ہیں۔ بعض افراد نے اس کی صلاحیت پر ناک بھنویں چڑھائی ہے لیکن یہ برقی جھاڑو کی جانب ایک عملی قدم ضرور ہے۔

اسے بنانے کی وجہ دو وجوہ  ہیں: اول جاپانی اس طرح کی عجیب و غریب الیکٹرانک اشیا کو پسند کرتے ہیں اور دوم وہاں کے نوجوانوں میں اب تک ہیری پوٹر کا جنون توانا ہے۔ اسی وجہ سے کم ازکم جاپان میں اس کی مارکیٹ ضرور موجود ہے۔ اس طرح ای بروم میں لگی موٹریں جھاڑو سمیت سوار کو آگے بڑھاتی رہتی ہیں لیکن اس کی رفتار اتنی زیادہ نہیں اور چھوٹے بچے بھی آسانی سے چلاسکتے ہیں۔

ٹوکیو کے ایک موٹر شو میں اس کا عملی مظاہرہ کیا گیا جس کے سرے پر ایک بلی کا شفاف مجسمہ لگایا گیا ہے اور پچھلے سرے کو جھاڑو کی شکل دی گئی ہے۔ کمپنی نے صرف چند تصاویر اور ویڈیو ہی جاری کی ہیں۔ اس کی قیمت، کارکردگی اور دیگر تفصیلات کو ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔

ٹویوٹا کمپنی نے اسے آمدورفت کا ایک نیا طریقہ قرار دیا ہے اور انسان اور مشین کا ایک خوبصورت ملاپ کہا ہے۔ کمپنی کےمطابق یہ ایجاد رولر اسکیٹنگ کو بھی ایک نئے زوایہ فراہم کرے گی جس کا مقصد تفریح ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔