ابو ظہبی ٹیسٹ: جنوبی افریقا کےقدم پھر لڑکھڑا گئے، 72 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ

ویب ڈیسک  بدھ 16 اکتوبر 2013
جنوبی افریقا نے ہاشم آملہ کی دلکش سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بنائے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقا نے ہاشم آملہ کی دلکش سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بنائے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ابو ظہبی: جنوبی افریقا کی ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے جب کہ اسے اب بھی 121 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔

ابو ظہبی کے شیخ زائد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے دن پاکستان ٹیم اپنی پہلے اننگ میں 193 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد 442 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی جس کے بعد جنوبی افریقا نے اپنی بیٹنگ شروع کی تو 38 رنز کے مجموعے پر محمد عرفان نے پیٹرسن کو پویلین واپس بھیج دیا، انہوں نے 17 رنز بنائے، جنوبی افریقا کی دوسری وکٹ 57 رنز پر گری جب کپتان گریم اسمتھ 32 رنز بنا کر سعید اجمل کر شکار ہوئے، گریم اسمتھ کے آؤٹ ہونے کے فورا بعد جیک کیلس بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہو گئے۔ جنوبی افریقا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز ہاشم آملہ تھے جنہوں نے 10 رنز بنائے۔ 

قبل ازیں پاکستان نے 263 رنز 3وکٹوں کے نقصان پر اپنی نامکمل اننگز کا اغاز کیا تو خرم منظور 131 جبکہ کپتان مصباح الحق 44 رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑی نے اسکور کو 290 رنز تک پہنچایا تو خرم منظور جنوبی افریقا کے ورنون فلینڈر کا شکار ہوگئے انہوں نے266 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے  146 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان مصباح الحق نے بھی ذمہ دارانداز میں بیٹنگ کی اور 100 رنز بنا کر سٹین کا شکار بنے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شان مسعود 75، اسد شفیق 54 اور عدنان اکمل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے اسٹین اور پھیلاندر نے تین تین کھلاڑیوں آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے ہاشم آملہ کی دلکش سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں 249 رنز بنائے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔