طالبان کو پاکستان کے وجود کو تسلیم کرکے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہئے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اکتوبر 2013
 دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم کی پالیسی سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی جس کی عوم گواہی دیں گے، شہباز شریف  فوٹو: ایکسپریس نیوز

دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم کی پالیسی سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی جس کی عوم گواہی دیں گے، شہباز شریف فوٹو: ایکسپریس نیوز

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے طالبان کو پاکستان کے وجود کوتسلیم کرکے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا چاہئے۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر بھی دشمن دہشت گردی سے باز نہیں آیا حالانکہ وزیر اعظم نواز شریف نے طالبان کو خلوص نیت کے ساتھ مذاکرات کی دعوت دی اور وفاقی حکومت نیک نیتی سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھا رہی ہے جس کا کالعدم تحریک طالبان کو مثبت جواب دینا چاہئے اور پاکستان کے وجود کو تسلیم کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف وزیر اعظم کی پالیسی سے امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئے گی جس کی عوم گواہی دیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لعنت کو شکست دینے کے لئے پوری قوم کو مل کر دشمن کا مقابلہ کرنا ہوگا اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یک جان ہو کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہونا ہوگا تب ہی ہم بطور قوم اس قابل ہوں گے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرسکیں اور پاکستان کا امن تباہ کرنے والوں کو شکست فاش دے سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔