ڈی چوک جائینگے، پارلیمنٹ کا گھیراؤ کرینگے، شرکاآزادی مارچ

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 3 نومبر 2019
امیر جے یو آئی کے حکم کے منتظر ہیں، مغل اعظم سے استعفیٰ لے کر ہی جائیں گے. فوٹو:فائل

امیر جے یو آئی کے حکم کے منتظر ہیں، مغل اعظم سے استعفیٰ لے کر ہی جائیں گے. فوٹو:فائل

اسلام آباد: جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے کیلیے دو دن کی تو ہم نے مہلت دی ہے، اگلے اقدام کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے۔

آزادی مارچ میں ایکسپریس نیوز کے پروگرام ’’ سینٹرا سٹیج‘‘ میں میزبان رحمان اظہر سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ لوگوں کا ہم پر دباؤ ہے وہ آگے جانا چاہتے ہیں لیکن ہم انھیں جانے نہیںدے رہے، حکومت دفاعی پوزیشن میں ہے، اس کے اوسان خطا ہیں، عوام چاہتے ہیں، انتخابات پرکوئی اثر انداز نہ ہو اور عوام کی امانت اسے واپس کی جائے، ہمارے مطالبے کو قومی بیانیہ کی حیثیت حاصل ہو گئی ہے، طاقت کااستعمال کیا جاتا ہے تو اسے برداشت کرنے کی بھی ہمارے اندر صلاحیت ہے۔

آزادی مارچ کے جلسے میں شریک ایک شخص نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ہم امیر جے یو آئی کے حکم کے منتظر ہیں اگر وزیر اعظم نے دودن بعداستعفیٰ نہ دیا تو ہم ڈی چوک جائیں گے، بلوچستان مستونگ کے رہائشی ایک نوجوان نے کہاکہ ہم آئے ہیں تو کچھ نہ کچھ لیکر ہی جائیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے استعفیٰ نہ دیاتوہم پارلیمنٹ کا گھیراؤ کریں گے۔

پشاور سے آئے ایک شخص نے کہا 2018کا الیکشن دھاندلی زدہ تھا، پرامیدہیں کہ مغل اعظم سے استعفی لیکر ہی جائیں گے۔ مانسہرہ کے فضل الٰہی نے کہاعمران نیازی نے کہاتھا کہ آپ اتنے سے لوگ جمع کر لیں تو میں استعفیٰ دے دوںگا اب بہت سارے لوگ یہاںجمع ہوگئے ہیں لہٰذاو ہ غیرت کاثبوت دیتے ہوئے استعفی دے دیں۔ محمد ناصر نے کہا ہم سب لوگ سروںپر کفن باندھ کر آئے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔