پاکستان کی پہلی میسیجنگ ایپ ٹیلو ٹاک نے 16 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرلی

بزنس رپورٹر  منگل 5 نومبر 2019
ان فنڈز کو مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ، انفرا اسٹرکچر میں وسعت لانے اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

ان فنڈز کو مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ، انفرا اسٹرکچر میں وسعت لانے اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ کے لیے استعمال کیا جائے گا (فوٹو: انٹرنیٹ)

 کراچی: پاکستان کے پہلے میسیجنگ پلیٹ فارم ٹیلو ٹاک (TelloTalk) نے بین الاقوامی و ملکی سرمایہ کاروں کے کنسورشیم سے 16 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کے حصول کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان ٹیلوٹاک انتظامیہ نے 021 ڈسرپٹ کانفرنس میں کیا۔ سیڈ راؤنڈ مرحلے میں عالمی وینچر فنڈز اے ایل ایم ہولڈنگز (متحدہ عرب امارات)، اسپارک لیبس فن ٹیک (ایشیائی)، ون مارکیٹ کیپٹل (یو ایس اے) اور کوکون اگنائٹ وینچرز (ہانگ کانگ) کے ساتھ مقامی سطح کے سرمایہ کار ادارے ٹی پی ایل ای وینچرز اور آئی ٹو آئی وینچرز شامل تھے۔

ٹیلو ٹاک کے شریک بانی اور سی ای او شہباز جاموٹ نے کہا، “ہم تجربہ کار غیرملکی اور مقامی وینچر کیپٹل انویسٹرز کی جانب سے اعتماد ملنے اور ہمارے مشن کو تعاون فراہم کرنے پر خوش ہیں، پاکستانیوں کی اپنی میسجنگ ایپلی کیشن ٹیلو ٹاک واحد لوکل میسجنگ ایپلی کیشن ہے جسے خصوصی طور پر پاکستانیوں کے لیے تیار کیا گیا اور ہماری اپنی تمام ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ انفرا اسٹرکچر پاکستان میں موجود ہے۔

یہ پڑھیں: کراچی میں 021 ڈسرپٹ کانفرنس کا شاندار انعقاد، سرمایہ کاری کے سات اعلانات 

 

انہوں ںے کہا کہ  ٹیلو ٹاک پاکستانی کلچر اور اقدار سے اچھی طرح آگاہ ہے، ہم علاقائی زبانوں میں کی بورڈ، مقامی اسٹیکرز اور مختلف کٹیگریز میں جامع انداز سے مواد فراہم کرتے ہیں، کاروباری اداروں کے لیے ملٹی میڈیا چیٹ چینلز اور انٹرنل کمیونی کیشنز کی سہولت بھی موجود ہے۔

ٹیلو ٹاک کے چیئرمین ارشد اشرف نے کہا کہ پاکستان میں بینک اکاؤنٹس سے زیادہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیں، پاکستان کی 15 کروڑ آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، اس وجہ سے پاکستان میں انہیں ڈیجیٹل دنیا سے کنیکٹ کرنے کی ضرورت ہے جس میں وہ آسانی سے ٹیکنالوجی استعمال کرسکیں۔

سیڈ راؤنڈ میں بطور پارٹنر اسپارک لیبس فن ٹیک کے نمائندے سمیر چشتی نے کہا کہ چین میں وی چیٹ اور کوریا میں کاکو ٹاک کی طرح ٹیلو ٹاک پاکستان کے لیے اہمیت رکھتا ہے جو ملکی سطح پر انتہائی فعال میسیجنگ پلیٹ فارم کے ساتھ کنکٹویٹی، مواد کی شیئرنگ، کامرس اور کارپوریٹ سروسز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اسپارک لیبس عالمی سطح پر تقریبا 300 ٹیک اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کرچکی ہے اور پاکستان میں یہ ہماری چوتھی سرمایہ کاری ہوگی۔

واضح رہے سیڈ راؤنڈ میں بیشتر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے یہ پاکستان میں پہلی سرمایہ کاری ہے، ان فنڈز کو مارکیٹنگ و ایڈورٹائزنگ، انفرا اسٹرکچر میں وسعت لانے اور پروڈکٹ ڈیولپمنٹ کے لیے استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔