رابی پیرزادہ؛ پاکستانیوں کی یادداشت بہت کمزور ہے

زنیرہ ضیاء  جمعرات 7 نومبر 2019
رابی پیرزادہ نےنازیبا ویڈیوز بناکر شاید اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی۔  (فوٹو: فائل)

رابی پیرزادہ نےنازیبا ویڈیوز بناکر شاید اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی۔ (فوٹو: فائل)

پاکستان کو اپنے قیام کے ساتھ جو مسائل ملے ان میں مسئلہ کشمیر سب سے اہم مسئلہ تھا اور آج تک پاکستان کا اہم ترین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ کشمیر اور کشمیریوں میں پاکستانیوں کی جان بستی ہے اور ہم پاکستانی کسی بھی صورت کشمیر سے علیحدگی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

پاکستان کے قیام کو 70 برس سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے اور اس عرصے میں ذراعت، صنعت، اسپورٹس، انٹرٹینمنٹ و فیشن انڈسٹری سمیت مختلف شعبے ترقی کی کئی منازل طے کرچکے ہیں۔ اگر بات کی جائے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی، تو گاہے گاہے یہاں سے کشمیر کے لیےآوازیں اٹھ جاتی تھیں، لیکن اس شعبے سے کشمیر کے لیے بھرپور آواز کبھی نہیں اٹھی۔ تاہم کچھ عرصہ قبل میں نے پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی قدرے غیر معروف گلوکارہ کو کشمیر کے لیے نہ صرف بھرپور انداز میں آواز اٹھاتے دیکھا بلکہ اس لڑکی نے کشمیریوں پر ظلم کرنے کے لیے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے با اثر پردھان منتری نریندر مودی کو ایسی للکار لگائی کہ پورے بھارت کو ہلاکر رکھ دیا۔

رواں سال اگست کے پہلے ہفتے میں بھارت کی جانب سے کشمیر پر لگائی جانے والی پابندی اور آرٹیکل 370 کی منسوخی کشمیریوں اور پاکستانیوں پر بجلی بن کر گری، جس کے بعد پورے پاکستان سے کشمیریوں کے لیے کئی آوازیں اٹھیں اور شوبز سے وابستہ افراد نے بھی خانہ پُری کرتے ہوئے ایک ایک ٹوئٹ کشمیریوں کے حق میں کرڈالی، جس کے بعد ان کی ذمے داری ختم ہوگئی۔ لیکن جس آواز نے بھارت کے درودیوار ہلادئیے، انڈین فوج اور بھارتی میڈیا کو لرزا کر رکھ دیا وہ پاکستان کی قدرے غیر معروف گلوکارہ رابی پیرزادہ کی آواز تھی جس نے مودی کو اپنے پالتو اژدھوں، سانپوں اور مگرمچھوں سے ایسا ڈرایا کہ مودی سمیت پورے بھارتی میڈیا کے پسینے چُھڑوادئیے۔ دیکھتے ہی دکھتے رابی پیرزادہ کی بہادری اور جرات کے قصے بھارت کے گھر گھر میں گونجنے لگے اور یکایک رابی کی اہمیت پاکستانی سرحد کی حفاظت کرنے والے اس بہادر جوان کی سی ہوگئی جو  اپنے ملک کی حفاظت کے لیے اپنی جان قربان کرنے کا حوصلہ رکھتا ہے اور یہی حوصلہ بھارتیوں کی ناک میں دم کردیتا ہے۔

بات مودی کو دھمکی دینے تک رہتی تو ٹھیک تھا لیکن بات تو جب بگڑی جب رابی پیرزادہ نے خودکش جیکٹ پہن کر مودی کو کشمیریوں پر ظلم کرنے کے لیے جہنم رسید کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا اور رابی کی اس دھمکی نے جیسے پورے بھارت میں طوفان برپا کردیا۔ آن کی آن میں رابی پیرزادہ کی تکرار بھارت میں ایسے گونجنے لگی جیسے اس نہتی لڑکی نے واقعی مودی پر خودکش حملہ کردیا ہو۔ بھارتی تلملا کر رہ گئے اور اس تلملاہٹ میں رابی کے خلاف محاذ کھول ڈالا۔

جہاں بھارتی رابی کے خوف میں مبتلا ہوکر مسلسل اس پر تنقید کے تیر برسارہے تھے وہیں پاکستانی سوشل میڈیا پر رابی پیرزادہ کی ہمت اور جرات  کو خوب سراہا جارہا تھا۔ کشمیریوں کے لیے آواز اٹھانےاور مودی کو براہ راست دھمکانے کے لیے رابی پیرزادہ پاکستانیوں کے دلوں میں گھر چکی تھی۔ اب رابی پیرزادہ پاکستان کی غیر معروف گلوکارہ سے محب وطن اور جانباز شخصیت بن چکی تھی، جس نے اپنی نڈر ویڈیوز سے ثابت کردیا تھا کہ وقت آنے پر وہ پاکستان کے لیے ہر حد سے گزرجانے سے بھی گریز نہیں کرے گی۔

اپنی نڈر ویڈیوز سے جہاں رابی پیرزادہ نے پاکستانیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا اور بھارتیوں کے لیے خوف کی علامت بن گئی، وہیں ایک ویڈیو نے اس بہادر، نڈر اور جرات مند لڑکی کے تمام اچھے کاموں پر پانی پھیردیا۔ چند روز قبل اچانک رابی پیرزادہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔ میں حیران تھی کہ آخر اب رابی پیرزادہ نے مودی کو ایسی کون سی دھمکی دے دی کہ ٹوئٹر پر آزادی مارچ، دھرنے اور مولانا فضل الرحمان جیسے ہاٹ ٹاپک کو پیچھے چھوڑدیا۔ لہذا میں نے جب ٹوئٹر کا جائزہ لیا تو میری آنکھیں غم و غصے سے باہر نکل آئیں لیکن رابی پیرزادہ کی وائرل ہونے والی غیراخلاقی اور نازیبا ویڈیوز دیکھ کر نہیں بلکہ سوشل میڈیا پر اس کے لیے استعمال کی جانے والی بےہودہ زبان و الفاظ کو دیکھ کر۔

چند روز قبل رابی پیرزادہ کی نازیبا ویڈیوز وائرل ہوئیں جو شاید اسی کے فون سے چُرا کر وائرل کی گئی تھیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر اس طرح پھیل گئیں جیسے جنگل میں آگ پھیلتی ہے اور اچانک محب وطن رابی پیرزادہ پورے پاکستان کی تفریح کا سامان بن گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے اس کی کشمیر کے لیے اٹھائی گئی آواز اور نڈر انداز میں مودی کودی گئی دھمکی پسِ پُشت چلی گئی اور رابی کی حیثیت کسی بازاری عورت کی حیثیت جتنی ہوگئی۔ مجھے رابی کے لیے استعمال کیے گئے بےہودہ الفاظ اور گندی زبان کو دیکھ کراتنا دُکھ نہیں ہوا جتنا یہ دیکھ کر ہوا کہ ابھی کل ہی تو رابی پاکستان کی ’ہیرو‘ قرار دی گئی تھی اور آج اس ایک ویڈیو نے اس کے سارے کیے کرائے پر پانی پھیر دیا۔

سچ کہتے ہیں پاکستانیوں کی یادداشت بڑی کمزور ہے۔ برسوں تک مختلف حکومتوں کے ہاتھوں بیوقوف بننے کے بعد الیکشن کے وقت یہ قوم اپنے ساتھ ہوئی ساری زیادتیاں بُھلا کر پھر سے ان لوگوں کو ہی ووٹ دے کر آتی ہے جنہوں نے انہیں لوٹا ہوتا ہے، لہٰذا ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک عورت کی عزت اچھالی جارہی ہو اور یہ قوم اس کے پچھلے اچھے کام بھول کراس کوشش میں نہ جُت جائے کہ اسے مزید کس طرح بے عزت کرنا ہے۔

رابی پیرزادہ اس قوم کی بیٹی ہے جس نے کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاکر اپنا فرض پورا کیا لہٰذا کیا ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا کہ اس کی ویڈیوز کو مزید پھیلانے کے بجائے انہیں ڈیلیٹ کردیا جاتا اور آگے نہیں بڑھایا جاتا۔ رابی پیرزادہ کی ویڈیوز وائرل ہی اس لیے ہوئیں کیونکہ انہیں مزے لے لے کر نہ صرف دیکھا گیا بلکہ آگے بھیج کر لوگوں کو ویڈیوز دیکھنے پر مجبور کیا گیا۔ بہت سے لوگوں نے رابی پیرزادہ پر تنقید بھی کی کہ اسے ایسی ویڈیوز بنانے کی ضرورت کیا تھی جو اس کی بدنامی کا باعث بنیں۔

میں ان لوگوں کی بات سے مکمل اتفاق کرتی ہوں رابی پیرزادہ نے یہ ویڈیوز بناکر شاید اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی کی اور اس کا خمیازہ بھی شاید زندگی بھر ہی بھگتے گی۔ لیکن مجھے رابی پیرزادہ ان نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز کے بجائے کشمیر کے لیے آواز اٹھانے اور ظالم مودی کو للکارنے کے باعث یاد رہے گی۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 1,000 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

زنیرہ ضیاء

زنیرہ ضیاء

بلاگر شوبز تجزیہ نگار ہیں۔ ان سے ای میل ایڈریس [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ جبکہ ٹوئٹر ہینڈل @ZunairaGhori اور انسٹاگرام آئی ڈی zunairazia_official پر بھی انہیں فالو کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔