ایکسپریس فورم؛ نبی اکرم ﷺ کے بغیر معاشرہ فلاح نہیں پا سکتا، علما

اجمل ستار ملک / احسن کامرے  جمعـء 8 نومبر 2019
سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی: علامہ زبیر ظہیر، حضورؐکی ذات اقدس پوری انسانیت کیلیے رحمت ہے، علامہ مشتاق جعفری۔ فوٹو: ایکسپریس

سیرت طیبہ سے رہنمائی حاصل کرنا ہوگی: علامہ زبیر ظہیر، حضورؐکی ذات اقدس پوری انسانیت کیلیے رحمت ہے، علامہ مشتاق جعفری۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: رسول اللہ ﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کیلئے رحمت ہے۔کائنات کی تمام نعمتیں اور سعادتیں حضورؐ کے صدقے ہیں مگر بدقسمتی سے اسلامی تعلیمات اور آپﷺ کی سیرت طیبہ سے دوری کی وجہ سے آج مسلم امہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔ ہمیں اپنے اصل کی طرف لوٹنا ہوگا اور آپؐ کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیکر دنیا کی قیادت کرنا ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے ’’حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں عالم اسلام کو درپیش چیلنجزکا حل‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ’’ایکسپریس فورم‘‘ میں کیا۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امہ کے تمام مسائل کا واحد حل وحدت ، اتحاد اور رسول اکرمﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہے۔رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کے بغیر معاشرہ فلاح نہیں پاسکتا، رسول اکرم ﷺ کی دعا کے نتیجے میں پوری امت کی تباہی نہیں ہوگی مگر جہاں ظلم و جبر زیادہ ہوگا، حق تلفی ہوگی وہاں زلزلوں و قدرتی آفات کی صورت میں عذاب آتے رہیں گے۔

جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے کہا کہ سابقہ امتوں کی تمام برائیاں ہم میں موجود ہیں لیکن اللہ تعالیٰ نے رحمۃ اللعالمینﷺ کے صدقے ہماری پردہ پوشی کی ہوئی ہے۔میلاد کے نام پر غلط رسم و رواج بارگاہ رسالتﷺ میں مقبول نہیں اور ایسا کرنے والے دین کی خدمت نہیں کر رہے، آج میلاد کے نام پر بازاروں میں انڈین گانوں کا جو طریقہ اختیار کیا جاتا ہے اس کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

مرکزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کی شکل میں جامع اور مکمل آئین و قانون عطا فرمایا ہے اور سرور کائنات محمد رسول اللہﷺ جیسا کامل و اکمل ترین رہبر اور رہنما عطا فرمایا ہے۔

عالمی امن اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین علامہ مشتاق حسین جعفری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیﷺ کی ذات اقدس کائنات کے ہر ذرے اور پوری انسانیت کیلئے باعث رحمت ہے۔ ہمارے زوال کی وجہ یہ ہے کہ ہم سیرت النبیؐ سے دور ہوچکے ہیں، آپﷺ کی ذات اقدس پوری انسانیت کیلیے رحمت اور نجات دہندہ ہے، مسلمان، مسلمان سے دست و گریبان ہے۔آپﷺ کی تعلیمات اور سیرت پر عمل کیا جائے تو ہم سب ایک ہوجائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔