شہریوں سے لوٹ مار؛ سبزیاں من مانی قیمتوں پر فروخت کی جانے لگیں

بزنس رپورٹر  جمعـء 8 نومبر 2019

کراچی: سبزی منڈی میں سبزی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود شہر بھر میں سبزی فروش من مانی قیمتوں پر فروخت کررہے ہیں۔

سبزی منڈی مارکیٹ کمیٹی کے ترجمان سلیمان خواجہ کے مطابق منڈی میں سبزی کی سپلائی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے بیشتر سبزیوں کی قیمت کم ہوگئی ہے ،منڈی میں گزشتہ روز ٹماٹر کے علاوہ دیگر تمام سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔

جمعرات کو منڈی میں لوکی 20 روپے کلو، ٹنڈے35 سے 40 روپے کلو، بھنڈی 50 روپے کلو، پھول گوبھی 27 سے 28 روپے کلو، بند گوبھی 30 روپے کلو، جبکہ پالک 8 سے10 روپے کلو فروخت ہوئی سبز مرچ80 روپے کلو اور مٹر 100سے110 کلو فروخت کی گئی پیاز کی قیمت منڈی کی سطح پر 70 روپے کلو رہی لال آلو 25 روپے کلو جبکہ سفید آلو18 سے 20روپے کلو فروخت کیا گیا دھنیے کی گڈی کی قیمت 2 روپے فی عدد وصول کی گئی دھنیا وافر مقدار میں ہونے کی وجہ سے بہت کم قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے۔

منڈی میں ٹماٹر کی قیمت بدستور بلند ہے اور ٹماٹر 120 روپے کلو تک وصول کی گئی سلیمان خواجہ کے مطابق کراچی کی ڈھائی کروڑ کی آبادی کے لیے سبزی منڈی واحد ذریعہ ہے جہاں تک سندھ بلوچستان تک ترسیل کی لاگت بلند ہے۔

اسی طرح سبزی فروش بھی شہر کے تمام علاقوں سے سبزی منڈی آتے ہیں اس مسئلے کے حل کے لیے2006 میں حب اور گھگھر پھاٹک پر 2 سبزی منڈیاں تعمیر کرنے کے لیے100,100ایکڑ اراضی مخصوص کی گئی تھی تاہم اس کا قبضہ نہیں دیا گیا اور نہ ہی ترقیاتی کام کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دو مزید منڈیاں جلد سے جلد تعمیر کردی جائیں تو ملیر کے اطراف کے علاقوں کو گھگھر پھاٹک اور غربی علاقوں کو حب کی منڈی سے سزبیاں فراہم کی جاسکیں گی، ادھر شہر میں سبزیاں بدستور مہنگے داموں فروخت ہورہی ہے۔

سبزی منڈی میں پالک کی قیمت10 روپے جبکہ شہر بھر میں60 روپے سے کم فروخت نہیں ہورہی، شہر میں ٹماٹر140 سے160 روپے کلو فروخت ہورہا ہے پیاز80 روپے کلو فروخت ہورہے ہیں دیگر سبزیاں بھی اوسط 100روپے کلو قیمت پر فروخت ہورہی ہیں جبکہ بھنڈی140 روپے کلو مٹر120 روپے کلو تک فروخت کی جارہی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔