نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2019

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی گئی ہے، درخواست بیماری اور ملک سے باہرعلاج کرانے کی بنیاد پر دی گئی ہے۔ درخواست شہبازشریف کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف علاج کے لیے ملک سے باہر جانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست سیکرٹری داخلہ کو موصول ہوگئی ہے جس کے بعد وزارت داخلہ حکام درخواست کا قانونی پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں۔

دوسری جانب نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نیب سے رابطہ کیا ہے، اس حوالے سے نیب اور محکمہ داخلہ میں طبی بنیادوں پر ای سی ایل سے نکالنے کے لیے مشاورت جاری۔

یہ پڑھیں : نوازشریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل

واضح رہے کہ رواں برس اگست میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کی روشنی میں وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : العزیزیہ ریفرنس؛ نوازشریف کی طبی بنیادوں پر مشروط ضمانت منظور

پس منظر؛

العزیزیہ ریفرنس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے اپنے فیصلے سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر 8 ہفتے کے لیے مشروط ضمانت منظور کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف 8 ہفتے میں علاج کروالیں، عدالت نے انہیں 20، 20 لاکھ کے 2 مچلکے جمع کرانے کی بھی ہدایت کی تھی۔

اسی سے متعلق : نوازشریف کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت منظور

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ نے بھی سابق وزیراعظم نوازشریف کی طبی بنیاد پر درخواست ضمانت منظور کی تھی جب کہ نیب کی جانب سے ضمانت کی مخالفت نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔