نواز شریف علاج کیلیے آئندہ ہفتے لندن روانہ ہوں گے

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2019
نوازشریف کے علاج کے لئے اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں، خاندانی ذرائع

نوازشریف کے علاج کے لئے اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں، خاندانی ذرائع

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف علاج معالجے کے لیے آئندہ ہفتے لندن روانہ ہوں گے۔ 

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف، شہباز شریف اورمریم نوازکا لندن جانے کا امکان ہے جس کے لئے اسحاق ڈار نے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ شریف خاندان اور(ن) لیگی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کا علاج لندن سے کرایا جائے گا۔

(ن) لیگی ذرائع کے مطابق نوازشریف کے علاج کے لئے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے لندن میں انتظامات مکمل کرلئے ہیں، نوازشریف کے ساتھ شہبازشریف بھی جائیں گے اور بیرون ملک علاج کے لئے پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مریم نوازکا بھی نوازشریف کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے کا امکان ہے۔ مریم نوازکے پاسپورٹ کی واپسی کے لئے درخواست عدالت کے روبرو جمع کروائی جائے گی۔ وہ اپنے والد کی دیکھ بھال کے لئے بیرون ملک ہی قیام کریں گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے وزارت داخلہ میں درخواست جمع

نواز شریف کے معالج ڈاکٹرعدنان نے بھی بیرون ملک علاج کے لئے جانے کا مشورہ دیا اور شریف خاندان کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کی طبیعت سے متعلق رپورٹس ٹھیک نہیں۔

والدہ شمیم اختر نے نوازشریف سے کہا کہ بیرون ملک علاج کروایا جائے جب کہ شہبازشریف نے کہا کہ آپ کی صحت کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں، علاج کروانا بہت ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔