امریکا میں طیارہ ایک گھر پر گر کر تباہ، مکین معجزانہ طور پر محفوظ

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2019
طیارہ گرنے سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور گھر میں آگ بھڑک اُٹھی۔ فوٹو : ٹویٹر

طیارہ گرنے سے عمارت کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور گھر میں آگ بھڑک اُٹھی۔ فوٹو : ٹویٹر

لاس اینجلس: کیلی فورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ ہچکولے کھاتا ہوا ایک گھر پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا جب کہ معجزانہ طور پر گھر میں موجود باپ اپنے شیر خوار بچے کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب رہا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ ایس آر-22 لاس اینجلس کے قریب ایک رہائشی عمارت پر گر کر تباہ ہوگیا جس سے گھر کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور آگ بھڑک اُٹھی۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے طیارے کے ملبے کو ہٹالیا ہے جب کہ پائلٹ کی جلی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ حادثے کے وقت طیارے میں صرف پائلٹ موجود تھا اور حیران کن طور پر پائلٹ نے پیراشوٹ کے ذریعے طیارے سے باہر نکلنے کی کوشش نہیں کی۔

طیارہ جس گھر پر گرا تھا اس وقت باپ شیر خوار بچے کے ہمراہ موجود تھا تاہم جیسے ہی طیارہ گرا وہ تیزی سے بھاگتے ہوئے آگ لگنے سے چند سیکنڈز پہلے بچے کے ہمراہ گھر سے نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور محفوظ رہا۔ حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔