سرکاری اساتذہ کے سیکریٹری تعلیم سے مذاکرات کامیاب، احتجاج ختم

ویب ڈیسک  جمعـء 8 نومبر 2019
سیکریٹری تعلیم نے اساتذہ کے مطالبات کے حل کے لیے 8 رکنی کمیٹی بنادی- فوٹو: فائل

سیکریٹری تعلیم نے اساتذہ کے مطالبات کے حل کے لیے 8 رکنی کمیٹی بنادی- فوٹو: فائل

کراچی: اساتذہ اور سیکریٹری تعلیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد اساتذہ نے احتجاج ختم کردیا۔ 

اساتذہ اور سیکریٹری تعلیم کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد 2 روز سے کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے اساتذہ نے احتجاج ختم کردیا۔ سیکریٹری تعلیم نے اساتذہ کے مطالبات کے حل کے لیئے 8 رکنی کمیٹی بنادی، کمیٹی 15 نومبر کو عدالت میں بھی مشترکہ تجاویز پیش کرے گی۔

اس سے قبل کراچی پریس کلب پر ٹائم اسکیل کی ادائیگی کے لئے اساتذہ کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا، احتجاجی اساتذہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک رہیں، ہاتھوں میں بینرز اٹھائے اپنے مطالبات کے حق میں اور سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر ٹائم اسکیل کورڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین انور منصور کا کہنا تھا کہ ہم تین روز سے احتجاج پر ہیں، تین دن گزرنے کے باوجود سندھ حکومت کی جانب سے کوئی مذاکرات کے لئے نہیں آیا، ہمارا مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جارہا، گزشتہ 10 سالوں سے ٹائم اسکیل نہ ملنے کے باعث ہمارا ترقیاتی عمل التوا کا شکار ہے، ہم اپنے جائز حق کے لئے سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں، نوٹیفکیشن کے اجراء تک احتجاج جاری رہے گا، اگر مطالبہ نہیں مانا گیا تو سندھ اسمبلی یا وزیر اعلی ہاؤس کا رخ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سے رابطہ ہوا ہے، دو رکنی وفد مذاکرات کے لئے آئے گا اور اگر اس بار بھی بیوقوف بناکر ہمارا وقت ضائع کیا گیا تو ہم وزیراعلی ہاؤس یا سندھ اسمبلی کا رخ کریں گے، وفد سے مذاکرات اور بات چیت کے بعد ہی آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔