یہ شروعات ہے، بھارت سے ایسے تعلقات ہوں گے جو ہونے چاہیے تھے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  ہفتہ 9 نومبر 2019
مسئلہ کشمیر بھی جلد حل ہوجائے گا، وزیراعظم عمران خان - فوٹو؛ فائل

مسئلہ کشمیر بھی جلد حل ہوجائے گا، وزیراعظم عمران خان - فوٹو؛ فائل

ناروال: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ یہ صرف شروعات ہے، ایک دن بھارت سے ایسے تعلقات ہوں گے جو ہونے چاہیے تھے۔

کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب سے خطاب وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے سکھ برادری کوگرونانک کا 550ویں سالگرہ کی مبارکباد دیتا ہوں اور انہیں خوش آمدید کہتا ہوں، مجھے ایک سال پہلے کرتارپورکی اہمیت کا اندازہ ہوا، اور مجھے اندازہ ہی نہیں تھاکہ میری حکومت اتنی باصلاحیت ہے کہ 10 ماہ میں یہ کام مکمل کرلیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی کریم ﷺسارے انسانوں کے لیے رحمت بن کرآئے، تمام پیغمبروں نےانصاف اورانسانیت کی بات کی، گرونانک کے فلسفے میں بھی انسانیت ہے،  لیڈرہمیشہ انسانوں کو اکٹھا کرتا ہے تقسیم نہیں کرتا، کوئی نہیں سمجھتا تھا کہ ساوتھ افریقہ میں انصاف ہوگا، نیلسن منڈیلانے لوگوں کواکٹھا کیا اور میں جیسے ہی وزیراعظم بنا، مودی کوکہا کہ سب سے بڑامسئلہ غربت ہے لہذا بارڈرکھل جائے، تجارت ہوتوغربت ختم ہوسکتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سدھونے مجھے کہا تھا کہ یہ بارڈرکھول دو، مودی اگرمیری بات سن رہے ہیں توکہتا ہوں انصاف سے امن ہوتا ہے،  نریندرمودی کشمیر کے لوگوں کو انصاف دیں، مقبوضہ کشمیر میں اس وقت زمین کانہیں انسانیت کامسئلہ ہے، کشمیرکا مسئلہ بات چیت کے ذریعے حل کرسکتے ہیں، جب کشمیریوں کو ان کا حق مل جائے گا تو خطے میں خوشحالی آئے گی اور یہ شروعات ہے، ایک دن بھارت سے ایسے تعلقات ہوں گے جو ہونے چاہیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔