انٹرنیشنل فٹبالرز کراچی پہنچ گئے، پاکستان میں فٹبال کے فروغ کا عزم

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 9 نومبر 2019
بنیادی طور پر دورے کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج قائم کرنا اور ملک کے اندر فٹبال کی ترقی ہے ۔فوٹو: ایکسپریس

بنیادی طور پر دورے کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج قائم کرنا اور ملک کے اندر فٹبال کی ترقی ہے ۔فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: عالمی شہرت یافتہ فٹبالرز پاکستان کے دورے کے سلسلے میں کراچی پہنچ گئے، کھلاڑیوں میں ریکارڈو کاکا، لوئس فیگو، کارلیس پیوئل اور نکولس انیلکا شامل ہیں، چاروں کھلاڑی لاہور بھی جائیں گے۔

ایکسپریس کے مطابق پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے انٹرنیشنل فٹبالرز کو پاکستان مدعو کیا گیا ہے، ہفتہ کو چار انٹرنیشنل کھلاڑی پاکستان کے دورے کے سلسلے میں ہوائی جہاز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

کراچی پہنچنے والوں میں برازیل کے ریکارڈو کاکا، پرتگال کے لوئس فیگو، اسپین کے کارلیس پیوئل اور فرانس کے نکولس انیلکا شامل ہیں۔ ان کے شیڈول میں کراچی اور لاہور میں نمائشی میچز کھیلنا شامل ہیں جس سے مقامی کھلاڑی فائدہ اٹھاسکیں گے۔ بنیادی طور پر دورے کا مقصد دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت امیج قائم کرنا اور ملک کے اندر فٹبال کی ترقی ہے۔

خواہش ہے کہ پاکستان میں فٹبال کا کھیل فروغ پائے، فٹبالرز کی پریس کانفرنس

کراچی پہنچنے کے بعد فٹبالرز نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں فٹبال کا کھیل ترقی کرے اور نئے ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بھرپور مواقع میسر آئیں، پاکستان میں فٹ بال کی پروموشن کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

چاروں فٹبالرز نے کہا کہ ہم پاکستان آ کر بہت خوش ہوئے ہیں اور یہاں سے ملنے والی محبت پر بہت مسرور ہیں، پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہماری کوشش یہ ہوگی کہ اپنے تجربے کو نوجوانوں میں منتقل کریں، اس حوالے سے ہم سے جو بھی ہو سکا، ہم کریں گے۔

فٹبالرز کی شاپنگ مال آمد، سیکڑوں مداح پہنچ گئے

دریں اثنا چاروں فٹبالرز کراچی پہنچے تو کچھ وقت شائقین کے لیے بھی نکالا، چاروں فٹبالرز کراچی کے ساحل کلفٹن پر واقع مقامی شاپنگ مال پہنچے جہاں شائقین کی بڑی تعداد صبح سے ہی ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے موجود تھی، شاپنگ مال کی لابی نوجوان، بچوں اور خواتین سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھی، فٹبالرز نے مداحوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

فٹبالزر کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ہر نعرے پر غیرملکی فٹبالر ہاتھ ہلاکر خوشی کااظہار کررہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان صدام حسین بھی موجود تھے۔ غیر ملکی فٹبالرز نے پاکستانی شائقین کی محبت اور پیارکو دیکھنے کے بعد اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے خواہش مند ہیں اور پاکستان آنا ان کے لیے ہمیشہ سے ایک یادگار لمحہ رہا ہے اور انہیں پاکستان آکر خوشی ہوتی ہے

فٹبالرز اتوار کو لاہور میں نمائشی میچ کھیلیں گے، نمائشی میچ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے، انٹرنیشنل فٹبالرز لاہور میں گورنر پنجاب سے بھی ملاقات کریں گے، ان فٹبالرز کے دورے کا مقصد پاکستان میں فٹبال کی ترقی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔