جیب میں پٹاخے پھٹ جانے سے نوجوان اسپتال پہنچ گیا

نمائندہ ایکسپریس  پير 21 اکتوبر 2013
دولہا کا چھوٹا بھائی ابرار شادی کی خوشی میں اپنی جیب میں پٹاخے بھر کر لے جا رہا تھا ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

دولہا کا چھوٹا بھائی ابرار شادی کی خوشی میں اپنی جیب میں پٹاخے بھر کر لے جا رہا تھا ۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

حیدرآباد: حیدرآباد میں اپنے بڑے بھائی کی شادی کی خوشی میں بارات میں پٹاخے پھوڑنے کے لیے اپنی جیب میں پٹاخے رکھ کر لے جانے والا نوجوان، پٹاخے جیب میں ہی پھٹ جانے کے نتیجے میں زخمی ہو گیا اور بارات میں جانے کے بجائے اسپتال پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاقت کالونی کے رہائشی وقاص سردار کی بارات لطیف آباد جا رہی تھی۔ دولہا کا چھوٹا بھائی ابرار شادی کی خوشی میں اپنی جیب میں پٹاخے بھر کر لے جا رہا تھا لیکن  یہ پٹاخے راستے میں ہی اس کی جیب میں پھٹنا شروع ہوگئے، جس کے باعث نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر بھٹائی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق لڑکے کی20 فیصد ٹانگ جھلس گئی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق ابرار بارات کے آگے چلنے والی ایکو ساونڈ کی گاڑی میں جنریٹر کے قریب ہی کھڑا تھا اور جنریٹر کی گرمی کی وجہ سے پٹاخے گرم ہو کر اس کی جیب میں ہی پھٹ گئے ۔

واضح رہے کہ حیدرآباد میں ایکو ساؤنڈ کی گاڑیوں اور بارات میں پٹاخے پھاڑنے پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود شہر میں ہونے والی شادیوں کی تقریبات میں کھلے عام  نہ صرف پٹاخے اور آتش بازی کی جاتی ہے بلکہ ایکوساؤنڈ لگی گاڑی کو شاہراہوں کی بیچ روک کر بارا تی رقص کرتے ہوئے نظر آتے ہیں جس کی وجہ سے شدید ٹریفک جام ہوجاتا ہے لیکن اس کے باجود پولیس کی جانب سے شہریوں کا سکون برباد کرنے والوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔