بھوتوں سے ڈر لگتا ہے لیکن طالبان سے نہیں، ملالہ یوسف زئی

ویب ڈیسک  پير 21 اکتوبر 2013
برمنگھم اسپتال میں ہوش آیا تو فکر پڑ گئی کہ طبی اخراجات کیسے ادا کریں گے، ملالہ   فوٹو: فائل

برمنگھم اسپتال میں ہوش آیا تو فکر پڑ گئی کہ طبی اخراجات کیسے ادا کریں گے، ملالہ فوٹو: فائل

لندن: خواتین کے لیے تعلیم کی مہم چلانے والی پاکستان کی بہادر بیٹی ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ انہیں بھوتوں سے تو ڈر لگتا ہے لیکن طالبان سے ڈر نہیں لگتا۔

بھارتی ٹیلی ویژن کو انٹرویو دیتے ہوئے ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ طالبان کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں، طالبان ان کی دنیا کو بدل سکتے ہیں لیکن انہیں کبھی نہیں بدل سکتے۔ انہوں نے کہاکہ اب مجھے کسی خطرے سے ڈر نہیں لگتا، میں بھوتوں سے تو ڈرتی ہوں لیکن طالبان سے نہیں ڈرتی۔ ملالہ یوسف زئی نے کہاکہ طالبان کے حملے کے بعد جب انہیں برمنگھم اسپتال میں ہوش آیا تو طبی اخراجات کی فکر پڑگئی۔ وہ پریشان تھیں کہ ان کے والدین علاج پر آنے والے اخراجات کیسے برداشت کریں گے۔

واضح رہے کہ طالبان کی جانب سے گزشتہ سال 9 اکتوبر کو ملالہ یوسف زئی پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا جب کہ وہ اسکول سے چھٹی کے بعد دوستوں کے ہمراہ اسکول وین میں  گھر جارہی تھی۔ حملے کے بعد انہیں پشاور کے سی ایم ایچ اسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کردیا گیا اور بعد ازاں اعلیٰ علاج کے لئے انہیں برطانیہ کے ملکہ الزبتھ اسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔