دبئی میں بارش کا پانی سب سے بڑے شاپنگ مال میں داخل ہونے کی وڈیو وائرل

ویب ڈیسک  پير 11 نومبر 2019
دبئی مال کی چھت میں دراڑ پڑ گئی اور نچلی منزل میں پانی جمع ہوگیا۔ فوٹو : ٹویٹر

دبئی مال کی چھت میں دراڑ پڑ گئی اور نچلی منزل میں پانی جمع ہوگیا۔ فوٹو : ٹویٹر

 دبئی: متحدہ عرب امارات میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے پانی نے دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ مال کا رخ کرلیا اور دیکھتے ہی دیکھتے شاپنگ مال کی نچلی منزل ’سوئمنگ پول‘ کا منظر پیش کرنے لگی۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں سے جل تھل ایک ہوگیا، آسمان کو چھوتی عمارتوں، کشادہ سڑکوں اور شاپنگ مالز سے سجے شہر دبئی میں بھی بارشوں نے خوب رنگ جمایا تاہم کہیں کہیں معاملہ رنگ میں بھنگ جیسا ہوگیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دبئی مال کی ایک منزل میں بارش کے باعث چھت میں دراڑ پڑ گئی جس سے بارش کا پانی اندر آنے لگا اور نچلی منزل میں بھی پانی کسی تالاب کی صورت میں جمع ہوگیا۔

اس صورت حال کے باوجود شہری شاپنگ میں مصروف رہے جب کہ عملہ پانی نکالنے کی جدوجہد کرتا رہا۔ دبی میں لوگ بارش اور تیز ہواؤں سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

بارشوں کے باعث شہر میں معمولات زندگی جزوی طور پر متاثر ہوا تاہم اکثر مارکیٹیں اور عوامی مقامات کھلے رہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔