شیو سینا سے مذاکرات ناکام، بی جے پی کا مہاراشٹرا میں حکومت نہ بنانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  پير 11 نومبر 2019
مہاراشٹرا کے ریاستی انتخابات میں  بی جے پی نے سادہ اکثریت حاصل کی تھی

مہاراشٹرا کے ریاستی انتخابات میں بی جے پی نے سادہ اکثریت حاصل کی تھی

نئی دہلی: حکمراں جماعت بی جے پی نے  اتحادی جماعت شیو سینا سے حکومت سازی کے لیے ہونے والے مذاکرات کی ناکامی کے بعد مہاراشٹرا ميں حکومت نہ بنانے کا فيصلہ کیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق ضمنی الیکشن کے بعد بھی مہاراشٹرا میں سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے والی بی جے پی کو حکومت بنانے کے لیے چھوٹی اتحادی جماعتوں کی ضرورت تھی تاہم شيو سينا پارٹی کے ساتھ بات نہ بننے کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے مہاراشٹرا میں حکومت نہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بی جے پی مہاراشٹرا کے صدر چندر کانت پٹيل نے اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات طے نہ ہو پانے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ بی جے پی اپوزیشن کی نشستوں پر بیٹھنے کو ترجیح دے گی، ایک ریاست کی حکومت کے لیے بی جے پی اپنی اساس پر ضرب نہیں لگائے گی۔

واضح رہے کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی 105، شیوسینا 56، این سی پی 54 اور کانگریس کے پاس 44 نشستیں ہیں۔13 آزاد امیدوار ہیں اور بقیہ چھوٹی جماعتوں نے مجموعی طور پر 12 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہیں۔ بی جے پی کی جانب سے حکومت سازی سے دستبرداری کے اعلان کے بعد اپوزيشن گروپ میدان میں آگیا ہے اور چھوٹی جماعتوں سے رابطے شروع ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔