ہاتھی کے بچے کو گڑھے سے زندہ نکالنے پر ماں کی شکریہ ادا کرنے کی ویڈیو وائرل

ویب ڈیسک  منگل 12 نومبر 2019
ہتھنی ماں نے آگے بڑھتے ہوئے اپنی سونڈ اُٹھا کر مدد گاروں کا شکریہ ادا کیا (فوٹو : ویڈیو گریب)

ہتھنی ماں نے آگے بڑھتے ہوئے اپنی سونڈ اُٹھا کر مدد گاروں کا شکریہ ادا کیا (فوٹو : ویڈیو گریب)

کیرالہ: بھارت میں گہرے گڑھے میں گرنے والے ہاتھی کے بچے کو ریسکیو اداروں کے اہلکاروں نے بحفاظت نکال لیا جس پر ماں نے خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر لوگوں کے دل جیت لیے۔

ہاتھی گروہ کی شکل میں سفر کرتے ہیں اور ایک خاندان کی طرح رہتے ہیں، اس دوران کسی کے ساتھ حادثہ پیش آجائے تو سب مل کر اس کی مدد بھی کرتے ہیں تاہم ناکامی کی صورت میں وہ جائے حادثہ سے دور ہوجاتے ہیں اور مدد کے لیے پکارتے ہیں۔

ہاتھیوں کی یہ بھی فطرت ہے کہ مدد گاروں کے پہنچنے پر وہ جائے حادثہ سے دور کھڑے ہوجاتے ہیں اور کسی قسم کی مداخلت نہیں کرتے یہاں تک کہ حادثے کا شکار ہاتھی کو ریسکیو نہ کر لیا جائے، ایسا ہی ایک واقعہ بھارت میں پیش آیا۔

ہاتھی کا ایک بچہ گہرے گڑھے میں گرگیا، اپنی فطرت کے تحت ہاتھیوں نے بچے کو نکالنے کی اجتماعی کوشش کی لیکن ناکامی پر لوگوں کو مدد کے لیے پکارا، ریسکیو اداروں نے امدادی کام کرتے ہوئے ہاتھی کے بچے کو باہر نکالا، بچہ جیسے ہی اپنی ماں کے پاس پہنچا، ماں نے آگے بڑھتے ہوئے سونڈ اُٹھا کر اپنے مخصوص انداز میں مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس واقعے کو سوشل میڈیا پر بہت سراہا جارہا ہے جب کہ اس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔