بلاول ہاؤس کے اطراف بنگلوں کی زبردستی خریداری کا انکشاف، 6 مالکان کے نیب میں بیانات ریکارڈ

اسٹاف رپورٹر  منگل 12 نومبر 2019
یہ مکانات زرداری گروپ کمپنی نے خریدے تھے جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے والدین، بہنیں اور بلاول بھٹو شئیر ہولڈر ہیں (فائل فوٹو)

یہ مکانات زرداری گروپ کمپنی نے خریدے تھے جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے والدین، بہنیں اور بلاول بھٹو شئیر ہولڈر ہیں (فائل فوٹو)

 کراچی: زرداری گروپ کی جانب سے بلاول ہاؤس کراچی کے اطراف بنگلوں کی زبردستی خریداری کا انکشاف ہوا ہے جس پر نیب کی تحقیقات جاری ہیں، 40 ارب روپے مالیت کے 9 میں سے 6 بنگلوں کے مالکان نے کمبائنڈ ٹیم کو بیانات ریکارڈ کرادیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق زرداری گروپ کی جانب سے بلاول ہاؤس کراچی کے اطراف بنگلوں کی زبردستی خریداری کے معاملے پر نیب کی تحقیقات میں تیزی آگئی، نیب نے زرداری گروپ کو مکان فروخت کرنے والے افراد سے رابطہ کیا ہے جواب میں 9 پلاٹ مالکان میں سے 6 نے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کو مبینہ طور پر زبردستی مکانات فروخت کرنے کے بیانات ریکارڈ کرائے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق زمینوں کے معاملات کا سسٹم چلانے والے یونس سیٹھ کے بھائی جبار کے نام پر بھی دو پلاٹ نکل آئے، نیب نے پلاٹ مالکان سے زرداری گروپ کو ادائیگی اور پلاٹ کی ملکیت کے ثبوت بھی طلب کرلیے جس میں پلاٹ کے اصل کاغذات سیل ڈیڈ اور موٹیشن شامل ہیں۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ خریدے گئے پلاٹوں کی مجموعی مالیت 40 ارب روپے سے زائد بنتی ہے، زبردستی مکانات خریدے جانے کے معاملے پر نیب نے تحقیقات کا آغاز کر رکھا ہے، یہ مکانات زرداری گروپ کمپنی نے خریدے تھے جس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے والدین، بہنیں اور بلاول بھٹو شئیر ہولڈر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔