بنگلا دیش میں 2 ریل گاڑیوں کے درمیان تصادم، 15 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  منگل 12 نومبر 2019
تصادم ایک ٹرین کے ٹریک کی تبدیلی کے بعد سگنل پر نہ رکنے کے باعث ہوا۔ فوٹو : ٹویٹر

تصادم ایک ٹرین کے ٹریک کی تبدیلی کے بعد سگنل پر نہ رکنے کے باعث ہوا۔ فوٹو : ٹویٹر

ڈھاکا: بنگلا دیش میں مخالف سمتوں سے آنے والی 2 ریل گاڑیوں میں خوفناک تصادم  کے نتیجے میں 15 مسافر ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں دو ریل گاڑیاں ٹریک کی تبدیلی کے دوران ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ تصادم اتنا خوفناک تھا کہ بوگیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور مسافر اندر پھنس گئے۔ رات گئے ہونے والے تصادم کے وقت مسافر سو رہے تھے۔

ترجمان ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کے خوفناک حادثے میں کم سے کم 15 مسافر ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ 13 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا ہے، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تصادم ایک ٹرین کے ٹریک کی تبدیلی کے بعد سگنل پر نہ رکنے کے باعث ہوا۔

ہیوی مشینری کے ذریعے بوگیوں کو کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا گیا اور ریلوے ٹریک کو کلیئر کروایا جارہا ہے۔ حادثے کے بعد ڈھاکا اور دوسرے مشرقی اضلاع کے درمیان ریلوے سروس معطل کردی گئی ہے۔ امدادی کاموں میں فوج، فائر بریگیڈ، بارڈر فورس اور میونسپل اداروں نے حصہ لیا۔ حادثے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کیلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔