کراچی کے قریب کھلے سمندر میں کارروائی، 2 ارب 40 کروڑ روپے کی منشیات برآمد

اسٹاف رپورٹر  منگل 12 نومبر 2019
مشترکہ آپریشن کےدوران لانچ سے 241 کلوہیروئن اور 2 کلو چرس برآمد کی گئی، ڈی جی میری ٹائم (فوٹو: فائل)

مشترکہ آپریشن کےدوران لانچ سے 241 کلوہیروئن اور 2 کلو چرس برآمد کی گئی، ڈی جی میری ٹائم (فوٹو: فائل)

 کراچی: میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے مشترکہ آپریشن کے دوران کھلے سمندر میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کی منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی تاہم ملزمان فرار ہوگئے۔

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے ہیڈ کواٹر میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی رئیر ایڈمرل ذکا الرحمن نے بتایا کہ ایم ایس اے، پاکستان نیوی اور اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاع پر کھلے سمندر میں مشترکہ آپریشن کے دوران لانچ کو قبضے میں لیا جس کی تلاشی کے دوران 241 کلو ہیروئن جبکہ 2 کلوچرس برآمد کی گئی۔

ڈی جی میری ٹائم کے مطابق قبضے میں لی جانے والی منشیات کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں لگ بھگ 2 ارب 40 کروڑ روپے ہے جب کہ کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تاہم قبضے میں لی گئی کشتی اور منشیات کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

ڈی جی میری ٹائم سکیورٹی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی واحد قانون نافذ کرنے والی ایجنسی ہے جو کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی روک تھام کے لیے اپنے بحری جہازوں، تیز رفتار کشتیوں اور ائیر کرافٹ کے ذریعے مستقل طور پر اپنی موجودگی کو برقرار رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔