ٹینس رینکنگ:بریڈیچ کی تنزلی، فیڈرر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2013
جمہوریہ چیک کے پلیئر ایک قدم پیچھے ہٹنے پر ساتویں پوزیشن پر چلے گئے. فوٹو: رائٹرز/فائل

جمہوریہ چیک کے پلیئر ایک قدم پیچھے ہٹنے پر ساتویں پوزیشن پر چلے گئے. فوٹو: رائٹرز/فائل

پیرس: نئی ٹینس عالمی رینکنگ میں ٹوماس بریڈیچ کی تنزلی نے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کو ایک درجے ترقی دلا دی اور وہ چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔

جمہوریہ چیک کے پلیئر ایک قدم پیچھے ہٹنے پر ساتویں پوزیشن پر چلے گئے ، اسٹاک ہوم میں کیریئر کا 9واں ٹائٹل جیتنے والے پاکستانی اسٹار اعصام اور ڈچ پارٹنر جین جولین روجرز ڈبلز میں مشترکہ طور پر 15ویں پوزیشن پر موجود ہیں، بھارتی ٹینس کوئن ثانیہ مرزا دیگر پلیئرز کی پوزیشنز میں تبدیلیوں سے 2 درجے ترقی پا کر ٹاپ 10میں شامل ہوگئیں، وہ سردست 9ویں پوزیشن پر فائز ہیں۔تفصیلات کے مطابق مینز سنگلز میں گذشتہ ہفتے ویانا اے ٹی پی کے سیمی فائنل میں ناکامی کا شکار ہونے والے فرنچ پلیئر جوئے ولفریڈ سونگا بھی تنزلی کے بعد 8 سے 9 ویں نمبر پر چلے گئے۔

اس کا براہ راست فائدہ سوئس پلیئر اسٹینسلس واورنیکا کو ملا جو ایک درجے ترقی ملنے پر آٹھویں پوزیشن پر براجمان ہوگئے، کریملن کپ میں ٹائٹل فتح کے باوجود فرانس کے رچرڈ گیسکوئٹ کی 10ویں پوزیشن میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی، ابتدائی پانچ پوزیشنز بھی حسب سابق رہیں، رافیل نڈال سرفہرست ہیں، سربیا کے نووک جوکووک نے دوسری پوزیشن سنبھال رکھی ہے، اسٹاک ہوم ایونٹ کے فائنل میں گریگوری دیمتروف کے ہاتھوں غیرمتوقع شکست سے دوچار ہونے والے اسپینش پلیئرڈیوڈ فیرر کی چوتھی پوزیشن بھی برقرار رہی۔

ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے پانچویں نمبر پر قدم مضبوطی سے جمارکھے ہیں، بلغارین پلیئرگریگوری دیمیتروف کو ٹرافی جیتنے پر 6 درجے کی ترقی نے 22 ویں نمبر پر پہنچا دیا، ویمنز رینکنگ میں سرینا ولیمز کی حکمرانی قائم ہے، بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا دوسرے، ماریا شراپووا تیسرے، پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا چوتھے اور چینی پلیئر لینا پانچویں نمبر پر ہیں، جمہوریہ چیک کی سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا کو ایک درجے ترقی نے چھٹی پوزیشن کا حقدار بنا دیا ، انھوں نے اطالوی پلیئر سارا ایرانی کو ساتویں نمبر پر دھکیلا، سربیا کی جیلینا جینکووچ نے آٹھویں پوزیشن پر قدم جمائے رکھے، ٹاپ ٹین کے اختتام پر 2پلیئرز نے پوزیشنزتبدیل کی ہیں، جرمن کھلاڑی اینجلیک کیربر ایک درجے ترقی پاکر 9ویں نمبر پر آگئیں جبکہ لگسمبرگ میں ٹائٹل جیتنے کے باوجود ڈینش پلیئر کیرولین ووزینسکی ایک درجے تنزلی کے بعد 10ویں پوزیشن پر چلی گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔