بسمہ معروف کو ورلڈ ٹی 20 تک قومی ویمنز ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان

ویب ڈیسک / عباس رضا  بدھ 13 نومبر 2019
 قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے بسمہ معروف۔ فوٹو : فائل

قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے بسمہ معروف۔ فوٹو : فائل

لاہور: بسمہ معروف کو آئندہ برس آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی تک قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے، آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی20 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گی۔ اقبال امام کو  ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ قومی ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے پر اقبال امام نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں، بہترین نتائج حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے امید ظاہر کی ہے کہ قومی ویمنز ٹیم اب مزید ترقی کی جانب گامزن ہو گی، چیف سلیکٹر ویمنز ٹیم عروج ممتاز نے کہا کہ بسمعہ معروف تجربہ کار کرکٹر اور کپتانی کے عہدے کی اہل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان نے انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف  سیریز کے شیڈول کا اعلان بھی کردیا، سیریز  تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز پر مشتمل ہو گی۔

پاکستان اور انگلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی، ون ڈے میچز 9 دسمبر ، 12 دسمبر اور 14 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپئین شپ کا حصہ ہیں، تین ٹی 20 میچز 17، 19 اور 20 دسمبر کو کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔