کراچی میں فائرنگ، تشدد، 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 اکتوبر 2013
رضویہ تھانے کی حدود سے ایک شخص کی لاش ملی جو پر اسرار طور پر ہلاک ہوا۔ فوٹو: فائل

رضویہ تھانے کی حدود سے ایک شخص کی لاش ملی جو پر اسرار طور پر ہلاک ہوا۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی میں فائرنگ تشدد سے دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پی آئی بی کالونی کے علاقے نشتر بستی میں فائرنگ سے 22 سالہ سلیمان جاں بحق ہوگیا۔

جبکہ موقع پر موجود افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کا رشتے داروں  سے کسی بات پر جھگڑا ہوا جس میں کی جانے والی فائرنگ سے سلیمان ہلاک ہوا ہے جبکہ مقتول اور ملزمان ایک ہی محلے میں رہائش پذیر ہیں ، پولیس ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے ، بلال کالونی کے علاقے نارتھ کراچی مدیحہ اسٹاپ موڑ کے قریب سے رسیوں میں جکڑی ہوئی ایک خاتون سڑک پر پڑی ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ گئی خاتون کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔

بلال کالونی پولیس کا کہنا ہے کہ سڑک سے ملنے والی خاتون ہاتھ اور پاؤں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے جبکہ اس کی عمر 38 سال اور کمزوری کی وجہ سے چلنے کے قابل نہیں تھی جبکہ وہ اپنا نام پتہ بھی بتانے سے قاصر تھی ، پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نفسیاتی مریضہ معلوم ہوتی ہے جسے طبی امداد کے بعد ایدھی ہوم منتقل کر دیا ہے ، نیپئرکے علاقے بھیم پورہ میں فائرنگ سے 25 سالہ محمد موسیٰ ، جمشید کوارٹر کے علاقے اسلامیہ کالج کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ نور محمد ، گلستان جوہر کے علاقے کراچی یونیورسٹی کے قریب فائرنگ سے 22 سالہ حماد ، شاہ لطیف ٹاؤن بھینس کالونی روڈ کے قریب فائرنگ سے حنیف احمد جبکہ اتحاد ٹاؤن میں بھی فائرنگ سے 45 سالہ علی رضا زخمی ہوگیا۔

جنھیں فوری طبی امداد کے لیے مختلف اسپتال لیجایا گیا جبکہ پولیس واقعات کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔ قبل ازیں رضویہ تھانے کی حدود سے ایک شخص کی لاش ملی جو پر اسرار طور پر ہلاک ہوا۔ ایس ایچ او حسن حیدر نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونیوالے شخص کی شناخت30 سالہ ماجد خان ولد شہزادہ خان کے نام سے ہوئی ہے اور وہ بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی ہے۔ سولجر بازار تھانے کی حدود واقع گارڈن چڑیا گھر کے گیٹ نمبر 2کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سوزوکی پک اپ سے سوار 2 افراد 60 سالہ سے شیر محمد ولد بشیر اور 55 سالہ مشتاق احمد ولد فقیر محمد زخمی ہو گئے۔ نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے قریب فائرنگ سے انس نامی شخص زخمی ہو گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔