پاک فوج کی کلبھوشن یادیوکو اپیل کا حق دینے کیلئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی تردید

ویب ڈیسک  بدھ 13 نومبر 2019
بھارتی جاسوس کی سزائے موت پر نظرثانی کیلئے کئی قانونی آپشنز زیرغور ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

بھارتی جاسوس کی سزائے موت پر نظرثانی کیلئے کئی قانونی آپشنز زیرغور ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر فوٹو: فائل

 راولپنڈی: ترجمان پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کو اپیل کا حق دینے سے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی خبریں غلط ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے واضح کیا ہے کہ سزائے موت یافتہ بھارتی دہشتگرد کلبھوشن یادیوسے متعلق عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کے لئے پاک آرمی ایکٹ میں ترمیم کی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کیس میں نظرثانی سے متعلق قانونی پہلو زیر غور ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی حتمی فیصلے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ میڈیا پر یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ہائیکورٹ میں اپیل کا حق دینے کے لئے آرمی ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے حکومت نے ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔