دوران پرواز 2 سالہ بچے کی موت پر سعودی طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

ویب ڈیسک  بدھ 13 نومبر 2019
بچے کی طبیعت بگڑنے پر طیارے کو ہنگامی طور کینیڈا کے جزیرے پر لینڈنگ کرنا پڑی۔ فوٹو : فائل

بچے کی طبیعت بگڑنے پر طیارے کو ہنگامی طور کینیڈا کے جزیرے پر لینڈنگ کرنا پڑی۔ فوٹو : فائل

ریاض: سعودی عرب سے پرواز کرنے والے طیارے میں 2 سالہ بچے کا انتقال ہوگیا جس پر طیارے کو کینیڈا کے ایک جزیرے پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی عربیئن ایئرلائنز کی جدہ سے واشنگٹن جانے والی پرواز میں دو سالہ بچے کی طبیعت بگڑ گئی، عملے نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی لیکن بچے کی طبیعت سنبھل نہ سکی جس پر طیارے کو ہنگامی طور پر کینیڈا کے جزیرے نیو فاؤنڈ لینڈ میں لینڈنگ کرنا پڑی۔

بچے کو ہنگامی لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ کے قریبی واقع اسپتال لے جایا گیا جہاں بچے کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ضروری ٹیسٹس کیے گئے ہیں۔ تاحال وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ بچے اور والدین کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

سعودی عربیئن ایئرلائنز کا طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دو گھنٹے بعد اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔ ایئرلائن نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے جب کہ سعودی سول ایوی ایشن کی جانب سے بھی تحقیقات کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔