طالبان کا دفتر پاکستان میں کھولنے کی اجازت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2013
اب طالبان سے مذاکرات کرکے ملک میں دہشتگردی کو روکا جانا چاہئے اس لئے انہیں پاکستان میں مذاکرات کے لئے دفتر قائم کرنے کی اجازت دی جائے، درخواست کا متن   فوٹو: فائل

اب طالبان سے مذاکرات کرکے ملک میں دہشتگردی کو روکا جانا چاہئے اس لئے انہیں پاکستان میں مذاکرات کے لئے دفتر قائم کرنے کی اجازت دی جائے، درخواست کا متن فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان میں کالعدم تحریک طالبان کا دفتر کھولنے کی اجازت کے لئے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نائن الیون کے واقعے کے بعد امریکا کی افغانستان اور عراق میں یلغار اور پاکستان میں دہشت گردوں کے خاتمے کے نام پر کئے جانے والے ڈرون حملوں میں ہزارں افراد مارے گئے اور کھربوں روپے کا نقصان ہوا، ڈرون حملوں کے باعث ملک میں دہشت گردی میں کمی آنے کے بجائے بڑی شدت سے تیزی آئی جس میں بڑی تعداد میں معصوم شہری جاں بحق ہوئے تاہم اب طالبان سے مذاکرات کرکے اس سلسلے کو روکا جانا چاہئے اس لئے انہیں پاکستان میں مذاکرات کے لئے دفتر قائم کرنے کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان بھی اس سے قبل طالبان سے مذاکرات کے لئے دفتر کھولے جانے کا مطالبہ کرچکے ہیں لیکن ان کے اس مطالبے کی دیگر جماعتوں نے مخالفت کی تھی اور ان کی جماعت کے بھی متعدد رہنما ان کے اس بیان کو ان کا ذاتی بیان قرار دے چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔