برونائی کے سلطان کا ریاست میں اسلامی قوانین اور سزاؤں کے اطلاق کا اعلان

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2013
برونائی میں آئندہ 6 ماہ کے دوران اسلامی قوانین کا مکمل اطلاق ہوجائے گا،سلطان حسن البولکیہ  فوٹو: فائل

برونائی میں آئندہ 6 ماہ کے دوران اسلامی قوانین کا مکمل اطلاق ہوجائے گا،سلطان حسن البولکیہ فوٹو: فائل

بندر سری بگوان: برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البولکیہ نے ملک میں اسلامی قوانین اور سزاؤں کے اطلاق کا اعلان کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البولکیہ نے اپنے ایک خطاب میں کہا کہ بحیثیت مسلمان ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے آپ کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالیں اور اللہ کی جانب سے متعین کردہ ضابطہ حیات کا اطلاق کریں اور اللہ کے کرم سے وہ اس کے قریب پہنچ گئے ہیں جلد ہی ملک میں اسلامی قوانین اور سزاؤں کا اطلاق ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ 1984 سے برونائی دارالسلام میں برطانوی اور شرعی دونوں قوانین رائج ہیں لیکن 1996 میں پہلی بار سلطان نے ریاست میں شرعی قوانین لاگو کرنے کے لئے اقدامات کئے تھے جس کے تحت ملک میں شراب کی خرید و فروخت پر مکمل طور پر پابندی ہے تاہم اب آئندہ 6 ماہ میں  اسلامی قوانین کا مکمل اطلاق ہوجائے گا جس کے تحت چوری کی سزا ہاتھ کاٹنا اور زنا کے مرتکب افراد کو سنگسار کیا جاسکے گا جب کہ اسقاط حمل اورشراب نوشی پر کوڑوں کی سزائیں دی جائیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔