پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں صرف جیتنے کیلئے میدان میں اتریں گے، گریم اسمتھ

ویب ڈیسک  منگل 22 اکتوبر 2013
ڈیل اسٹین کو دوسرے ٹیسٹ میں گرین شرٹس کے خلاف اتارنے کا فیصلہ کل ہی کیا جائے گا، گریم اسمتھ۔ فوٹو: فائل

ڈیل اسٹین کو دوسرے ٹیسٹ میں گرین شرٹس کے خلاف اتارنے کا فیصلہ کل ہی کیا جائے گا، گریم اسمتھ۔ فوٹو: فائل

دبئی: جنوبی افریقا کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان گریم اسمتھ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہم نے غلطیاں کیں لیکن دوسرا ٹیسٹ صرف جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔

دبئی میں پروٹیز قائد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ابو ظہبی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں کھلاڑیوں نے چند غلطیاں کیں جس کا خمیازہ ہمیں شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا ہم نے اپنی غلطیوں کو اچھی طرح دیکھا ہے اور اس پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز برابر کرنا ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہم اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے تیار ہیں اور آئندہ 5 روز ہم صرف جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔

گریم اسمتھ کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ اسکواڈ کے اہم رکن ہاشم آملہ ذاتی مصروفیات کے باعث دوسرے ٹیسٹ میں حصہ نہیں لیں  تاہم ڈیل اسٹین کی تمام طبی رپورٹس مثبت آئی ہے اور وہ فٹ ہیں لیکن دبئی میں انہیں گرین شرٹس کے خلاف اتارنے کا فیصلہ کل ہی کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف ایک صفر کی  برتری حاصل ہے، سیریز کا دوسرا اور آخری میچ بدھ سے دبئی میں شروع ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔