بشارالاسد کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے شام میں خانہ جنگی طویل ہوجائیگی، امریکی وزیرخارجہ

اے ایف پی  منگل 22 اکتوبر 2013
جب تک بشار الاسد موجود ہیں اس وقت تک شام میں خانہ جنگی ختم نہیں ہوسکتی، امریکی وزیر خارجہ. فوٹو: اے ایف پی/فائل

جب تک بشار الاسد موجود ہیں اس وقت تک شام میں خانہ جنگی ختم نہیں ہوسکتی، امریکی وزیر خارجہ. فوٹو: اے ایف پی/فائل

پیرس: امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے شامی صدر بشار الاسد کی جانب سے دوبارہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کی کوشش سے شام میں خانہ جنگی طویل ہو جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پیرس میں عرب لیگ کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کے بعد امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ اگر بشار الاسد یہ سمجھتے ہیں کہ دوبارہ صدارتی انتخاب لڑ کر وہ شام کے مسئلے کے حل کی جانب جا رہے ہیں تو میں کہوں گا کہ جب تک وہ ملک میں موجود ہیں اس وقت تک شام میں خانہ جنگی ختم نہیں ہوگی۔

جان کیری کا کہنا تھا کہ شامی اپوزیشن بشار الاسد کو کبھی بھی کسی حکومتی عہدے پر فائز نہیں دیکھنا چاہتی اور ایک ایسا شخص جس نے اپنے ہی لوگوں پر بم برسائے اورکیمیائی ہتھیار استعمال کئے ہوں وہ کیسے انتخابات میں حصہ لینے کا اہل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہم شامی اپوزیشن کو مدد فراہم کرنے پر زور دے رہے ہیں اور ہم یہ امداد جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ شامی صدربشارالاسد  نے حال ہی میں اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ کوئی وجہ نہیں کہ میں آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ نہ لوں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔