حکومت کو کوئی شیورٹی بانڈ نہیں دیں گے، شہباز شریف کا دوٹوک اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 14 نومبر 2019

 لاہور: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 3 بار وزیراعظم رہنے والے سے شیورٹی بانڈ مانگا جارہا ہے، اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔ 

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان کا سیاسی کھیل انتہائی قابل مذمت ہے، حکومت نے انسانی مسئلے پر بدترین ڈرامہ بازی کی ہے، 3 بار وزیراعظم رہنے والے سے شورٹی بانڈ مانگا جارہا ہے، کیا پرویز مشرف سے کوئی بانڈ مانگا گیا تھا، حکومت انڈیمنٹی بانڈ کی آڑ میں تاوان لینا چاہتی ہے جب کہ وزیراعظم این آر او نہ دے سکتے ہیں اور نہ ہی لے سکتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ صحت، بیماری، زندگی اور موت سب اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، نوازشریف اللہ تعالیٰ پر تقویٰ کرتے ہوئے سب کا سامنا کررہے ہیں، نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں بجلی کے اندھیرے ختم کیے، پوری قوم نواز شریف کی صحت کے لیے پریشان ہے لیکن صرف حکومت سیاست کے لیے پریشان ہے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ضمانتیں ہونے کے بعد عدالتوں کو زرضمانت دی گئی، عدالتوں کے فیصلے میں لکھا گیا کہ نوازشریف جہاں سے چاہیں علاج کروائیں تاہم عدالتی فیصلوں کے باوجود حکومت کی طرف سے شرائط لگائی گئی جب کہ زلفی بخاری کے نام کو آدھے گھنٹے میں ای سی ایل سے نکالا گیا، ایک انسانی مسئلے کو سیاسی رنگ دیا گیا لہذا نوازشریف کی صحت پر سیاست بند ہونی چاہیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شرطیں لگانا عمران خان کی سازش ہے، عمران خان کو چوٹ لگی تو نوازشریف عیادت کے لیے اسپتال گئے جب کہ کراچی سے منتخب ایک وفاقی وزیر نے تسلیم کیا کہ وہ نوازشریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں، اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دارعمران خان ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔