جے یو آئی کا پلان بی؛ ملک بھر میں کئی اہم شاہراہوں پر دھرنا

ویب ڈیسک  جمعرات 14 نومبر 2019
عمران خان کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، جے یو آئی۔ فوٹو:فائل

عمران خان کے مستعفی ہونے تک احتجاج جاری رہے گا، جے یو آئی۔ فوٹو:فائل

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ملک بھر میں اہم شاہراؤں کو بند کرکے دھرنا دے دیا، کے پی کے میں شاہراہ ریشم سمیت چار سڑکیں، بلوچستان میں کراچی تو کوئٹہ اور کراچی میں آر سی ڈی شاہراہ بند کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) نے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کی مدد کے بغیر ہی پلان بی کا آغازکردیا۔

JUI Protest at KPK 2

منصوبے کے تحت ملک بھر میں متعدد شہروں میں کئی اہم شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔  خیبرپختونخوا کے چار مقامات حکیم آباد نوشہرہ کے مقام پر جی ٹی روڈ، بنوں میں انڈس ہائی وے، چکدرہ کے مقام پر شمالی علاقہ جات کی مرکزی شاہراہ اور چھتر پلین مانسہرہ کے مقام پر شاہراہ ریشم کو دھرنے اور احتجاج کے لیے ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

JUI Protest at KPK 4

بلوچستان میں جے یو آئی نے کراچی سے کوئٹہ جانے والی شاہراہ بند کردی جب کہ کراچی میں آر سی ڈی شاہراہ پر کارکنوں نے دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ اسی طرح کندھ کوٹ اور گھوٹکی میں بھی مختلف سڑکیں بند کی گئی ہیں۔

اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک کا کوئی طبقہ خوش نہیں، عوام کا جینا محال ہوچکا ہے اور لوگ خود کشیوں پرمجبور ہوگئے ہیں، پورا ملک پی ٹی آئی حکومت کے خلاف  سڑکوں پر نکلا ہوا ہے، پلان بی کے تحت ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک عمران خان اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوجاتے۔

JUI Protest at KPK 5

جے یو آئی (ف) کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات نہیں مانے تو پلان سی پر عمل درآمد شروع کردیں گے جو اس سے بھی زیادہ سخت ہوگا اور تمام تر ذمہ داری حکومت پرعائد ہوگی۔

JUI Protest at KPK 3

JUI Protest at KPK

جے یو آئی کے رہنما عطا الرحمن نے کہا ہے کہ دھرنا غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔