کرکٹ بورڈ کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 23 اکتوبر 2013
محسن خان بھی پی سی بی کی سربراہی کے امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔ فوٹو: فائل

محسن خان بھی پی سی بی کی سربراہی کے امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔ فوٹو: فائل

لاہور: انتظامی بحران میں الجھے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر غور کرنے لگے۔

چیئرمین کا انتخابی عمل مکمل کرنے کیلیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی، دوسری طرف محسن خان بھی پی سی بی کی سربراہی کے امیدواروں کی دوڑ میں شامل ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کی طرف سے چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کیلیے دی گئی ڈیڈ لائن 18اکتوبر کو ختم ہونے کے بعد عبوری کمیٹی بناکر مزید 90دن کی مہلت حاصل کرنے کا نسخہ کارگر نہ ہوا، پیر کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 2نومبر تک بورڈ کے سربراہ کا انتخاب کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو یہ ذمہ داری اٹھانے کی ہدایت کردی تھی، ای سی پی کے ترجمان راجہ افتخار کا کہنا ہے کہ ہمیں اس ضمن میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، اگر بدھ کو کوئی پیش رفت ہوئی تو کام شروع کردیں گے۔

دوسری جانب بورڈ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا سوچ رہا ہے۔ ایک پی سی بی آفیشل کے مطابق نگران چیئرمین اس حوالے سے نو تشکیل ایڈہاک کمیٹی کے ارکان اور بورڈ کی لیگل ٹیم سے مشاورت کررہے ہیں۔دریں اثنا سابق چیف سلیکٹر اورکوچ محسن حسن خان نے بھی چیئرمین کے عہدے کیلیے الیکشن لڑنے کا اشارہ دیدیا، انھوں نے کہا کہ ابھی تک اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں کیا تاہم اگر لوگ مجھے کرکٹ کے امور چلانے کا اہل سمجھتے ہیں تو میں اس پر غور کرسکتا ہوں۔ محسن نے کہا کہ میں قومی ٹیم کی رہنمائی کرچکا، میری کوچنگ میں پاکستان نے اہم کامیابیاں بھی حاصل کی ہیں، اگر ایک کرکٹر بورڈ کا چیئرمین منتخب ہوجائے تو کھیل کے امور احسن طریقے سے چلاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔