شرافی گوٹھ، جائے وقوع کی نشاندہی کے دوران فائرنگ،2ملزمان ہلاک

اسٹاف رپورٹر  بدھ 23 اکتوبر 2013
ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان مانسہرہ کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔پولیس۔ فوٹو: فائل

ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان مانسہرہ کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: شرافی گوٹھ میں پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث2 ملزمان جائے وقوع کی نشاندہی کے دوران نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ایک پولیس افسر زخمی ہو گیا پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شپ گڈاپ سٹی پولیس3 روز قبل پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث گرفتار 2 ملزمان کے ہمراہ ملزمان کی نشاندہی پر شرافی گوٹھ تھانے کی حدود مرتضیٰ چورنگی سے متصل سروس روڈ پر واقع ملیر ندی کے قریب پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود ملزمان نے جدید ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں جائے وقوع کی نشاندہی پر لائے جانے والے2 ملزمان باز محمد ولد جان محمد اور یوسف ولد شیر محمد خان اور گڈاپ سٹی تھانے کا اے ایس آئی بابر ہاشم زخمی ہو گیا پولیس کی جوابی فائرنگ سے ملزمان رات کی تاریخی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔

پولیس اہلکاروں نے زخمی ہونے والے ملزمان اور اے ایس آئی کو جناح اسپتال منتقل کیا تاہم زخمی ملزمان اسپتال منتقلی کے دوران چل بسے، ایس ایس پی ضلع ملیر ناصر آفتاب نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان کو گڈاپ سٹی پولیس نے مشکوک حالت میں گرفتار کر کے ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی تھی اور جب گرفتار ملزمان  سے ابتدائی تفتیش کی گئی تو گرفتار ملزمان نے 19اکتوبر کو شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں فائرنگ کر کے ہیڈ کانسٹیبل باغ علی کو قتل کرنے اور دوسرے ہیڈ کانسٹیبل منور علی کو زخمی کرنے کا اعتراف کیا تھا اور اعتراف جرم کے بعد جب گڈاپ سٹی پولیس ملزمان کی نشاندہی پر پولیس اہلکاروں کے قتل کے جائے وقوعہ پر پہنچی تو اسی دوران وہاں پہلے سے موجود  نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

جس کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک اور گڈاپ سٹی پولیس کا ایک اے ایس آئی زخمی ہو گیا انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے عادی جرائم پیشہ تھے اور ان کا مزید کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونیوالے ملزمان قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے انھوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان مانسہرہ کالونی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔