شکیب کی جادوگری نے کیوی بیٹسمینوں کو چکرا دیا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 23 اکتوبر 2013
دوسرا ٹیسٹ : وکٹ کے حصول پر بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن ساتھی کھلاڑیوں سے مبارکباد وصول کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرا ٹیسٹ : وکٹ کے حصول پر بنگلہ دیشی اسپنر شکیب الحسن ساتھی کھلاڑیوں سے مبارکباد وصول کررہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: دوسرے ٹیسٹ میں شکیب الحسن کی جادوگری نے کیوی بیٹسمینوں کو چکرا دیا۔

البتہ بارش نے دوسرے دن کے آخری سیشن کا کھیل ہی نہیں ہونے دیا، نیوزی لینڈ نے 107 پر 3وکٹیں گنوائیں، تینوں وکٹیں اسپنر کے حصے میں آئیں، مہمان ٹیم کو اب بھی 175رنز کا خسارہ ہے، اس سے قبل ٹائیگرز کی پہلی اننگز 282 پر تمام ہوئی، اختتامی5 وکٹیں مجموعے میں 54 رنز کا اضافہ ہی ممکن بنا سکیں، لیفٹ آرم پیسر نیل ویگنز نے پہلی مرتبہ اننگزمیں 5 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز میچ کا اختتامی سیشن بارش کی نذر ہوگیا تاہم اس سے قبل شکیب الحسن نے اپنی جادوگری دکھا دی، مہمان ٹیم کے تینوں پلیئرز پیٹر فلٹن(14)، ہمیش ردر فورڈ (13) اور برینڈن میک کولم (11) کو انھوں نے ہی ٹھکانے لگایا۔

کیویز نے کھیل روکے جانے تک 107رنز بنائے، اننگز کے خسارے سے باہر آنے کے لیے ابھی اسے مزید 175رنزدرکار جبکہ روس ٹیلر37 اور کین ولیمسن 28 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، اس سے قبل بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 228-5 سے شروع کی، اختتامی پانچ پلیئرز مجموعے میں 54رنز کا اضافہ ہی ممکن بنا سکے، بروس مارٹن کی جگہ موقع پانے والے نیل ویگنز نے حریف قائد مشفیق الرحیم(18)، سوہاگ غازی(14) اور روبیل حسین (13)کو ٹھکانے لگاکر اننگز میں اپنی وکٹوںکی تعداد پانچ تک پہنچائی، نوجوان لیگ اسپنر ایش سوڈھی نے اختتامی 2 وکٹیں لے کر مجموعی طورپر 3 پلیئرز کو ٹھکانے لگایا، انھوں نے ناصرحسین(19) اور عبدالرزاق(13) کو قابو کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔