بچوں میں غذائی قلت پرمبنی پاکستانی  فلم ’’تلاش‘‘ ریلیزکردی گئی

ویب ڈیسک / قیصر افتخار  جمعـء 15 نومبر 2019
 26 نومبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں فلم تلاش کی خصوصی اسکریننگ ہو گی

26 نومبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں فلم تلاش کی خصوصی اسکریننگ ہو گی

لاہور:  بچوں میں غذائی قلت کے موضوع پربنائی گئی پاکستانی فلم ’’تلاش‘‘ کو آج لاہور،کراچی اور اسلام آباد سمیت تمام سینماؤں میں ریلیز کردیا گیا۔

فلم ’تلاش‘ کی کہانی صوبہ سندھ کے دیہاتوں میں بچوں میں غذائی قلت جیسے اہم اورسنجیدہ موضوع پر مبنی ہے تاہم اس میں  رومانس، ایکشن، سسپنس اورسنسنی کا تڑکہ بھی ہے جو دیکھنے والوں کو پسند آئے گا۔

تلاش کو ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے آج جمعہ 15 نومبر کو پاکستانی سنیماؤں کی زینت بنایا گیا ہے اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق فلم نے باکس آفس پر حوصلہ افزا ء بزنس سے آغاز کیا ہے۔

فلم کے موضوع کی حساسیت کا ادارک کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے صدردفتر نیویارک میں بھی نمائش کیلئے منتخب کیا گیا ہے جہاں 26 نومبر کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں اس فلم کی خصوصی اسکریننگ ہوگی، جس کے بعد اسے اقوامِ متحدہ میں اسکرین کی جانے والی پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز حاصل ہو جائے گا۔

ہدایت کار ذیشان خان (زی کے) کی پہلی فلم ’تلاش‘ میں مرکزی کردارفاریہ حسن، احمد زیب اور نعمان سمیع نے نبھائے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں مصطفیٰ قریشی، عدنان شاہ ٹیپو، سلیم معراج، ممتاز کنول اور حمیرا بانو شامل ہیں۔

فلم کی کہانی میڈیکل کے تین اسٹوڈنٹس پر مشتمل ہے جن کی زندگی میں نیا رخ تب آتا ہے جب انھیں سندھ کے ایک دور دراز دیہات میں میڈیکل کیمپ لگانے بھیج دیا جاتا ہے اور وہاں اُنھیں مقامی وڈیروں سے منسلک دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔