بھارتی جنگی طیارہ پرندے سے ٹکرا کر زمین بوس

ویب ڈیسک  ہفتہ 16 نومبر 2019
ایک سال میں بھارتی طیارہ گرنے کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

ایک سال میں بھارتی طیارہ گرنے کا یہ چھٹا واقعہ ہے۔ فوٹو : بھارتی میڈیا

گوا: بھارتی بحریہ کا جنگی طیارہ فضا میں پرندے سے ٹکرانے کے باعث پائلٹ سے بے قابو ہو گیا اور ہچکولے کھاتے ہوئے گر کر تباہ ہوگیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی بحریہ کا طیارہ ’مگ 29- کے‘ نے ریاست گوا میں تربیتی پرواز بھری تاہم کچھ ہی دیر میں طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ طیارے کا ملبہ ایک کھیت سے مل گیا۔

بھارتی بحریہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کے دونوں پائلٹ کیپٹن شوئےکھنڈ اور دیپک یادیو محفوظ ہیں جنہوں نے طیارے کے زمین بوس ہونے سے قبل چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی تھی۔

دوران پرواز طیارے سے ایک پرندہ ٹکرا گیا تھا جس کے باعث دائیں انجن میں آگ لگ گئی جب کہ بائیں انجن سے بھی دھواں نکل رہا تھا۔ انجن بند ہوگئے تھے جس پر دونوں پائلٹس نے طیارے سے چھلانگ لگائی۔ پائلٹس کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔

یہ خبر پڑھیں: بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر بھوٹان میں گر کر تباہ، 2 پائلٹس ہلاک

واضح رہے کہ بھارتی فوج کے طیاروں کے گرنے کا یہ چھٹا واقعہ ہے جس میں مجموعی طور پر 4 پائلٹس بھی ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ریسکیو ہیلی کاپٹر گرنے کے بھی دو واقعات ہوچکے ہیں۔ جنگی جنون میں مبتلا بھارتی حکومت ایک جانب اپنی فوجی طاقت کے حوالے سے بڑھکیں مار رہی ہے تو دوسری جانب اس کے طیارے سوکھے پتوں کی طرح گرتے جا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔